رحیم یار خان؛ ڈپٹی کمشنر نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلا کر ضلع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا

22

رحیم یار خان، 14 جنوری (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلا کر ضلع میں مہم کا آغاز کر دیا۔ڈپٹی کمشنر نے شیخ زید ہسپتال کے شعبہ بیرونی مریضاں میں بچوں کو  پولیو ویکسین کے ساتھ وٹامن اے کے کیپسول بھی پلائے۔

ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی  نے کہا کہ ضلع میں انسداد پولیو مہم 16 تا 20 جنوری تک جاری رہے گی، انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع میں 11 لاکھ 3 ہزار 775 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی جائے گی ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے والدین اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین ضرور پلائیں ،سول سوسائٹی ، علماء کرام اور اساتذہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کےلئے اپنا کردار ادا کریں ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اس مہم میں اپنا ٹارگٹ پورا کرے گی ۔ ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی کا مزید کہنا تھا کہ  پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا روزانہ جائزہ لیا جائے،اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں پولیو مہم کی مانیٹرنگ کریں گے۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر حسن خان اور ایم ایس ڈاکٹر آغا توحید نے پولیو مہم انتظامات بارے بریفننگ دی۔

پولیو مہم کی افتتاحی تقریب میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر حسن خان ، ایم ایس ڈاکٹر آغا توحید  اور ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر عمران بشیر ، ڈاکٹر عمر فاروق ، ڈاکٹر الیاس احمد موجود تھے۔