مری میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا، سیاحوں کا رش

8

مری،13جنوری(اے پی پی): ملکہ کوہسار مری میں دو دن قبل شروع ہونے والی برف باری کا سلسلہ تھم گیا ہے جبکہ گزشتہ رات مری اور گردونواح میں بارش اور ژالہ باری ہوئی۔

 مری بدستور تین دن سے سردی کی لپیٹ میں ہے آج بھی آسمان پر گہرے بادل منڈلا رہے ہیں اور دھند کے ساتھ برفانی ہوائیں چل رہی ہیں۔

 برف باری کے حسین مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لئے ملک بھر سے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بھی جوق در جوق جاری ہے،  مال روڈ جی پی او چوک، کشمیر پوائنٹ، پنڈی پوانٹ بھوربن اور نیو مری پتریاٹہ میں بھی سیاحوں کا غیر معمولی رش ہے جس سے تفریحی مقامات کی رونقیں بڑھ گئی ہیں۔

 اس بار مری میں برف باری کے موقع پر ٹریفک پولیس نے بہترین انتظامات کر رکھے ہیں، ٹریفک پولیس کی اضافی نفری کے ساتھ ٹریفک کو مکمل طور پر کنٹرول میں رکھا گیا ہے، رش کے باوجود کسی بھی شاہراہ پر ٹریفک بلاک نہیں ہوئی ہے جبکہ گلیات کے بازاروں میں آٹا من مانے ریٹ پر فروخت ہو رہا ہے اور لکڑی بالن کی قلت پائی جا رہی ہے۔