مظفرگڑھ ،26 جنوری (اے پی پی ): سوئیڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے افسوسناک واقعے کے خلاف مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔قرآن پاک ہاتھ میں اٹھائے مظاہرین نے آزادی اظہار کے نام پر دنیا میں بسنے والے اربوں مسلمانوں کی دل آزاری کے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی عالمی سطح پر بھرپور مذمت کی جائے۔ان کا کہنا تھا کا اربوں مسلمانوں کی دل آزاری کرنے والا مغرب انسانی حقوق کا بڑا چیمپین بنا پھرتا ہے،مگر آزادی اظہار رائے کے نام پر مغرب کی جانب سے مقدس کتابوں اور مقدس شخصیات کی بیحرمتی کے واقعات ناقابلِ برداشت ہیں۔