ملتان :”مہینہ صفائی”مہم کا گرینڈ پلان تشکیل،آغاز یکم فروری سے ہوگا

43

ملتان 27جنوری(اے پی پی ): ویسٹ منیجمنٹ کمپنی ملتان نے “مہینہ صفائی” مہم کے لئے گرینڈ پلان تشکیل دے دیا ہے۔مہینہ صفائی مہم کا آغاز یکم فروری سے ہوگا۔

سی ای او شکیل احمد بھٹی نے اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے مہم کے دوران شہر اولیاء کو زیرو ویسٹ کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ملتان کے باسیوں کو کلین اور گرین ماحول فراہم کرنا ہمارا مقصد ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ مہم کو کامیاب بنانے کے لئے طلباءو طالبات،علماء اور این جی اووز کی خدمات حاصل کرنے کے لئے رابطے جاری ہیں جبکہ پی ایچ اے، تعلیم، سوشل ویلفئر،اوقاف، ریسکیو 1122 اور محکمہ جنگلات آن بورڈ ہیں۔

شکیل احمد بھٹی نے بتایا کہ سول سوسائٹی، اور تاجر برادری سمیت ہر شہری کو مہم میں شامل کیا جائے گا اور صفائی بارے تعاون حاصل کرنے کے لئے گلی محلے تک تمام سٹیک ہولڈرز سے رابطے کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مہینہ صفائی مہم کامیاب بنانے کے لئے کمپنی کو کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی مکمل  سرپرستی ہے اور تاریخی شہر ملتان کے چپے چپے کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنایا جائے گا۔