وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے برطانیہ کے وزیرِ مملکت برائے ڈویلپمنٹ اینڈرو مِچل کی ملاقات

16

جنیوا،9جنوری(اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے برطانیہ کے وزیرِ مملکت برائے ڈویلپمنٹ اینڈرو مِچل نے  پیر کو یہاں  ملاقات کی  ہے اور پاکستان کو سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے برطانیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔ملاقات میں وزیرِاعظم نے حکومتِ برطانیہ اور برطانوی ٹیکس دہندگان کا پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد پر شکریہ ادا کیا۔

 وزیرِ اعظم نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے پاکستان میں بے پناہ تباہی برپا کی جس سے زراعت، لوگوں کا روزگار اور معیشت کو شدید نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کے عوام برطانیہ جیسے دوست ممالک کے شکرگزار ہیں جو مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 وزیرِاعظم نے حکومتِ پاکستان کے سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں  نے ڈفیڈ کی طرف سے پاکستان کے صحت اور تعلیم کے شعبے میں تعاون کو سراہا۔

 اینڈرو مِچل نے وزیرِاعظم کو پاکستان کے سیلاب زدگان کی بحالی میں برطانیہ کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔