وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے  چیئرمین چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن لوزوہوئی کی ملاقات

9

جنیوا،9جنوری(اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن لوزوہوئی نے  پیر کو یہاں  ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں وزیرِ اعظم نے حکومتِ چین اور چینی عوام کا پاکستانی سیلاب زدگان کی امداد پر شکریہ ادا کیا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے اور چین کی پاکستان کی ہر مشکل وقت میں مدد اس دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔چین نے حالیہ دور میں زراعت، انفراسٹرکچر، توانائی اور دیگر شعبوں میں پاکستان کی مدد کی اور سی پیک نے چین پاکستان تعاون اور دوستی کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا۔انہوں  نے کہا کہ حالیہ سیلاب میں نہ صرف چینی حکومت، بلکہ چینی کمپنیوں اور چینی عوام نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے درد کو سمجھا جو پاکستانی قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

وزیرِ اعظم نے ایم ایل۔ون اور کراچی سرکلر ریلوے منصوبوں پر جلد کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور ان کی پاکستان کیلئے اہمیت پر روشنی ڈالی۔ وزیرِ اعظم نے ملاقات میں حکومت کے 10 ہزار میگاواٹ سولرآئیزیشن منصوبے کے بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

چیئرمین چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن نے وزیرِ اعظم کو چین کی طرف سے سیلاب زدگان کی امداد کی ہر ممکن یقین دہانی کروائی جس کا وزیرِ اعظم نے خیرمقدم کیا۔وزیرِ اعظم نے چینی صدر عزت مآب شی جنپنگ کو پاکستان آنے کی دعوت کا پیغام بھجوایا اور کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام چینی صدر کی پاکستان آمد کے منتظر ہیں۔