وفاقی محتسب کے از خود نوٹس کے تحت ایسوسی ایٹ ایڈاوئزرعلاقائی محتسب فیصل آباد کا پاکستان بیت المال کا دورہ

14

فیصل آباد۔17جنوری  (اے پی پی):ایسوسی ایٹ ایڈوائزرعلاقائی محتسب فیصل آباد سید غضنفر مہدی نے وفاقی محتسب کے از خود نوٹس کے تحت پاکستان بیت المال ضلعی دفتر کا دورہ کیا جس میں اسسٹنٹ رجسٹرار یاسر شبیر انکے ہمراہ تھے۔ ایسوسی ایٹ ایڈوائزر محتسب نے جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ لی۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عثمان سیف وڑائچ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان بیت المال کے بڑے پروگرامز آئی ایف اے(انڈیوجول فنا نشل اسسٹینس) کے تحت مالی امداد جس کیلئے 42 سے 45 لاکھ بجٹ، علاج معالجہ میں مدد کیلئے 3 کروڑ 80 لاکھ اور تعلیمی مدد کیلئے ایک کروڑ 80 لاکھ سالانہ بجٹ مختص ہوتا ہے۔انہوں نے ا یسوسی ایٹ ایڈوائزر کو بتایا کہ پاکستان بیت المال یتیم بچوں، وومن ایمپاور منٹ کورسز،چائلڈ لیبر سکولز اور کوئی بھوکا نہ سوئے کے پرو گراموں کے تحت بہترین خدمات سر انجام دے رہا ہے اور تمام پروگرامز کے تحت تعلیم،علاج کھانا اور رہائش کا بندوبست بھی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مالی امداد کا تعین بجٹ کی دستیابی پر ہوتا ہے۔ انہوں نے ایسوسی ایٹ ایڈائزر محتسب آفس کو بتایا کہ مستحقین ہمیں درخواستیں دیتے ہیں جس پر ہم علاج کیلئے تین دن اور دیگر درخواستوں پر سات یوم کے اندر تصدیق مکمل کرتے ہیں۔ایڈوائزر محتسب نے اس موقع پر موجود ایک درخواست گزار کوپاکستان بیت المال کی طرف سے منظور شدہ مالی مدد کا چیک بھی پیش کیا۔سید غضنفر مہدی نے ضلعی دفتر پاکستان بیت المال کا مکمل دورہ کیا اور سائلین و ملازمین دفتر کے مسائل سنے اور دفتر کے مسائل کے حل کیلئے سفارشات بھیجنے کا وعدہ کیا۔