فیصل آباد،09جنوری (اے پی پی ): پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فیصل آباد ڈویژن کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے،جس کے مطابق سال 2022 میں فیصل آباد ڈویژن میں 31 ہزار 871 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی اور 22 ہزار 378 یونٹس کو اصلاحی نوٹسز اور تقریباً 4 ہزار 317 یونٹس کو بھاری جرمانے کیے گئے جبکہ سنگین خلاف ورزی پر94 فوڈ پوائنٹس کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی گئی اور 258 یونٹ کی پروڈکشن اصلاح تک بند کر دی گئی،1517 دودھ بردار گاڑیوں میں موجود 299829 لیٹر دودھ کو چیک اور 222 گاڑیوں کا دودھ تلف کر دیا گیا جبکہ143 ایکٹر زمین پر گندے اور زہریلے پانی سے اگنے والی سبزیاں چیک، 06 ایکٹر سے زائد زمین پر اگی فصل کو تلف کر دیا گیا۔
سال 2022 میں مختلف کارروائیوں کے دوران 36 ہزار لیٹر دودھ، 22 ہزار لیٹر مضر صحت آئل، 24 ہزار لیٹر جعلی مشروبات، 2 ہزار کلو ملاوٹی مصالہ جات تلف کیے گئے جبکہ 43 ہزار کلو مربہ جات، 800 کلو سویٹس، 50 ہزار ساشے گٹکا اور 6 ہزار ٹوٹے اور گندے انڈے ضائع کر دیے گئے۔
اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک نے کہا کہ عوام الناس کو صاف ستھری اود متوازن غذاء کی فراہمی کے لیے مسلسل کارروائیاں جاری ہیں جبکہ خوراک کی تیاری میں غیر معیاری اشیاء کا استعمال انسان کو مختلف موزی بیماریوں میں مبتلا کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے انسانی صحت کے دشمن ہیں۔ خوراک سے وابستہ ہر کاروبار کو پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قوانین پر عمل کرنا لازم ہے۔