اٹک؛ قرآن مجید کی بے حرمتی دہشتگردی، حکمران اقوام متحدہ و عالمی عدالت میں مقدمات درج کرائیں، نثار علی خان

4

اٹک،01 فروری (اے پی پی):چیئرمین چھچھ محافظ کمیٹی نثار علی خان نے کہا ہے کہ ڈنمارک، فرانس اور سویڈن میں اسلاموفوبیا میں مبتلا بدبختوں کی جانب سے مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن مجید کی بے حرمتی کھلی عالمی دہشتگردی ہے، مغربی معاشرے میں اسلام دشمنی اور انتہا پسندی بڑھ رہی ہے، ایک ایسی مقدس کتاب قرآن مجید جس میں پوری انسانیت کی فلاح و بہبود کا سبق موجود ہے اس کی بے حرمتی بیمار اوردہشتگرد معاشرے کی عکاسی ہے، اسلامی ممالک صرف مذمت سے کام چلانے کی بجائے اسلام دشمن رویوں اور حرکات کے خلاف قانون اور طاقت کا استعمال کرکے ایکشن لیں اور اقوام متحدہ و عالمی عدالت میں گستاخ ممالک کے خلاف مقدمات درج کرائیں، سانحہ پشاور پولیس لائن کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے چھچھ محافظ کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خصوصی خطاب میں کیا۔ اجلاس میں تمام شرکاء نے بازوؤں پر کالی پٹیاں باندھ رکھی تھیں،  جنرل سیکرٹری نصیر جدون، وائس چیئرمین مولانا قمر الاسلام، وائس چیئرمین نزاکت خان، وائس چیئرمین حاجی احسان خان، وائس چیئرمین قاسم وردگ، وائس چیئرمین سکھراج مسیح، سیکرٹری مالیات پرویز خان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا مسعود اختر ضیاء سمیت ممبران مجلس عاملہ حاجی شیراز، مولانا عادل محمود، حاجی آصف اجمل اعوان اور دیگر بھی اجلاس میں شریک ہوئے، اس موقع پر سانحہ پشاور پولیس لائن کی بھی مشترکہ طور پر شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ ہفتہ4فروری کو قرآن مجید کی بے حرمتی اور سانحہ پشاورکے خلاف احتجاجی ریلی اور احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا جائے گا۔ بعد ازاں قرآن مجید کی بے حرمتی اور سانحہ پولیس لائن کے خلاف کالی پٹیاں باندھ کر علامتی احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔

چیئرمین نثار علی خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ قرآن مسلمانوں کی ریڈ لائن ہے، یورپ احترام مذہب کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے۔ قرآن امن، اعتدال و رواداری اور احترام انسانیت کا درس دیتا ہے اس لئے عالمی امن کے لئے مذہبی رواداری اور احترام ضروری ہے۔ مقدس کتب اور مقدس ہستیوں کی توہین آزادی اظہار نہیں کھلی دہشت گردی ہے۔