تمام محکمے کوارڈینیشن کے ساتھ ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی مدد کیلئے دن رات کام کریں؛ ریلیف کمشنر پنجاب

3

لاہور،11فروری(اے پی پی):سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو/ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کی زیرصدارت ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے حوالے سے پی ڈی ایم اے کمیٹی روم میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں مختلف محکموں کے سیکرٹریز سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔  پنجاب بھر کے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک تھے، ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فلائیٹ لیفٹیننٹ(ریٹائرڈ) عمران قریشی نے شام اور ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے فنڈ ریزنگ بارے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر ریلیف کمشنر نے پنجاب بھر کے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی فنڈ ریزنگ کے لیے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز دفاتر میں کولیکشن سنٹرز قائم کریں اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو کو  کولیکشن سنٹرز کے فوکل پرسن مقرر کریں۔انہوں نے کہا کہ سکول کی مارننگ اسمبلیوں میں بچوں کو زلزلہ متاثرین کے لیے فنڈ ریزنگ بارے آگاہی بھی دی جائے اور کولیکشن سنٹرز پر وہ اشیا دستیاب کی جائیں جو مطلوبہ معیار پر پوری اتریں  اور جو اشیا زلزلہ متاثرین کے لیے بجھوائی جائیں ان کی  مدت کم از کم چھ ماہ تک ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اسلامی ممالک کے ساتھ مثالی تعلقات ہیں،  اس مشکل گھڑی میں زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے، ترکیہ اور شام کے ساتھ دیرینہ وابستگی ہے مشکل گھڑی میں پورے پاکستان کی عوام ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لیے این جی اوز کی مدد حاصل کی جائے اور تمام محکمے کوارڈینیشن کے ساتھ زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے دن رات کام کریں۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے مزید کہا کہ مخیر حضرات زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لیے قائم کردہ وزیر اعظم ریلیف فنڈ برائے زلزلہ ترکیہ میں عطیات جمع کروائیں اور شہری انٹرنیٹ بینکنگ، موبائل بینکنگ  اور اے ٹی ایم کے ذریعے بھی فنڈز جمع کروا سکتے ہیں۔

 بعد ازاں سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی کے ہمراہ کنٹرول روم کا دورہ کیا اور کنٹرول روم کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر آپریشن پی ڈی ایم اے ڈاکٹر فیصل سلیم سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔