پاکستان چین کے سٹریٹجک تعلقات میں وسعت دونوں ممالک کی دہائیوں پر محیط دیرینہ دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں؛وزیراعظم  شہباز شریف

6

اسلام آباد،3فروری(اے پی پی):وزیراعظم محمدشہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے سٹریٹجک تعلقات میں وسعت دونوں ممالک کی دہائیوں پر محیط دیرینہ دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں،کراچی میں گزشتہ روز کے  تھری منصوبے کا افتتاح چین پاکستان کے تعلقات میں مزید استحکام کا عکاس ہے،کے تھری منصوبہ پاکستان کی طویل مدتی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

ان خیالات کااظہار جمعہ کویہاں انہوں نے چائنہ نیشنل نیوکلئیر کارپوریشن کے وفد سے گفتگو میں کیا۔جنہوں نے چائنہ نیشنل نیوکلئیر کارپوریشن  کی وائس چیئرمین لیو جینگ اور پاکستان میں چینی سفارتخانے کی ناظم المور پنگ چُن شوئی کی قیادت میں وزیر اعظم سے ملاقات کی۔

 وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین کے اسٹریٹجک تعلقات میں وسعت دونوں ممالک کی دہائیوں پر محیط دیرینہ دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں،کراچی میں گزشتہ روزکے تھری منصوبے کا افتتاح چین پاکستان کے تعلقات میں مزید استحکام کا عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پاور پلانٹ نہ صرف پاکستان کی بڑھتی ہوئی بجلی کی ضروریات پورا کرے گا بلکہ کم لاگت اور ماحول دوست بجلی فراہم کرے گااور پاکستان کی طویل مدتی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

ملاقات میں وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ چین پاکستان میں نیوکلئیر انرجی کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے اور اس حوالے سے جلد وفود کی سطح پر ملاقاتوں کا آغاز کیا جائے گا جس کا وزیرِ اعظم نے خیر مقدم کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی  احسن اقبال، وفاقی وزیر بجلی انجینئر خرم دستگیر خان، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ، معاونینِ خصوصی طارق فاطمی، طارق باجوہ، جہانزیب خان اور متعلقہ اعلی حکام موجود تھے۔