پی ایس ایل بائولرز  کیلئے مشکل ترین لیگ ہے؛عمران طاہر

43

ملتان،21فروری(اے پی پی):کراچی کنگز کے سپنر عمران طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)بائولرز کیلئے مشکل لیگ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز ٹیم کے پریکٹس سیشن میں حصہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔عمران طاہر نے کہا کہ خامیاں ہرٹیم میں ہوتی ہیں،یہ میچ کے دن پرانحصار کرتا ہے کہ کھلاڑی کیسے پرفارم کرتے ہیں،ہمارے ٹیم کمبی نیشن  میں کوئی خرابی نہیں ہے،بہتر سے بہتر کھیلنے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل بہت بڑی لیگ ہے،پی ایس ایل باؤلر کے لیے مشکل ترین لیگ ہے،فرنچائز کرکٹ کی وجہ سے ینگ لڑکوں کو چانس مل رہا ہےجو پہلے نہیں ہوتا تھا۔

عمران طاہر نے کہا کہ ملتان کی پچ پر فاسٹ بائولرز کو باؤنس زیادہ مل رہا ہے،امید ہے ملتان سلطان اور کراچی کنگز کے مابین ہونے والا میچ ہائی اسکورنگ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ فاسٹ بائولرز پیدا کرنے میں  پاکستان کا نام ہے،محمد عامر بہترین بائولرہیں، فاسٹ بائولر فٹنس مسائل کا شکارہو جاتے ہیں،عامر کے نہ ہونے پر بھی ہمیں اپنی بائولنگ پر پورا اعتماد ہے۔