” کلین ملتان”مہم ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا قابل تحسین اقدام ہے، غلام مصطفےٰ

2

ملتان، 02 فروری(اے پی پی): :ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ  جنوبی پنجاب  غلام مصطفےٰ نےکہاہے کہ ” کلین ملتان”مہم ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا قابل تحسین اقدام ہے۔یہ بات انہوں نے ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام “کلین ملتان”مہم کے سلسلے میں واک کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہی۔واک کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ جنوبی پنجاب غلام مصطفےٰ،ڈی جی پی ایچ اے آصف روف خان اور ایس پی کینٹ عزیر احمد نے کی۔واک ملتان ٹی ہاوس سے شروع ہو کرآرٹس کونسل پارک پر اختتام پذیر ہوئی، جس میں سوشل ویلفئر،کارپوریشن،پی ایچ اے، تعلیم، جنگلات اورمحکمہ اوقاف کے افسران، سوشل ورکرز،طلبہ،معذور افراد، خواتین اور زندگی کےتمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔واک کے شرکا نے”صفائی میں حصہ داری،ہم سب کی ذمہ داری” کے سلوگن پر مبنی پینا فلیکس اٹھا رکھے تھے۔

غلام مصطفےٰ نےکہاکہ مہم کے دوران شہر کی68 یونین کونسلوں کوزیروویسٹ کیاجائے گااورشہر کی 112 شاہراہوں کو بھی پانی سے واش کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ  صفائی مہم کے لئے  کمپنی کو10 سے زائد محکموں کا تعاون حاصل ہے۔اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے  آصف روف خان نے بتایا کہ “کلین ملتان” مہم کی کامیابی کے لئے مکمل حمایت  فراہم کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران پارکوں کی صفائی کی جائے گی  اور پودے بھی  لگائے جائیں گے۔ڈی جی پی ایچ اے  بتایا کہ کلین ملتان مہم کی بدولت موسم بہار میں شہر کو سجانے میں مدد ملے گی۔

منیجر آپریشن انوار الحق  نےبریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ  فروری کے دوران پورے  شہر کو زیرو ویسٹ کردیا جائے گا۔ شہریوں کا تعاون حاصل کرنے کے لئے بڑے  پیمانے پر آگاہی مہم شروع کی جارہی ہے اور صفائی مہم کامیاب بنانے کے لئے سکولوں،این جی اووز اور تاجر تنظمیوں کی مدد لی جارہی ہے۔ بریفنگ میں  بتایا کہ عوامی آگاہی کے لئے کیمپ لگائے جائیں گے اور کارنر میٹنگز منعقد ہوں گی جبکہ نماز جمعہ کے خطبوں میں صفائی کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے علما  کرام کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔بریفنگ میںبتایا گیا کہ شہر اولیا کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنانا کمپنی کا  ہدف ہے۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ڈی جی پی ایچ اے اور کمپنی منیجرز اور ورکرز نے پارک میں پودے بھی لگائے۔