یوم یکجہتی کشمیر  بھرپور انداز میں منایا جائے گا ؛  ترجمان دفتر خارجہ

7

اسلام آباد،2فروری(اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر ایک بار پھر بھرپور طریقے سے  منایا جائے گا، ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستانی قوم یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرے گی۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان میں معاشرے کے تمام طبقات اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری  یوم یکجہتی کشمیر کو روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منائیں گے۔

 ترجمان نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ خطے میں پائیدار امن و سلامتی اور ترقی کا انحصار تنازعہ جموں و کشمیر کے پرامن حل پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کشمیری عوام اقوام متحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے اپنے حق خودارادیت کا استعمال کریں۔

انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گا۔