او آئی سی نے ہمیشہ پاکستان کے کشمیر سے متعلق  موقف کی حمایت کی ہے؛ سفیر  حسین ابراہیم طہ

12

 جدہ ، 21 فروری (اے پی پی ): اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل سفیر  حسین ابراہیم طہ نے کہا ہے کہ او آئی سی نے ہمیشہ پاکستان کے کشمیر سے متعلق  موقف کی حمایت کی ہے اور  انسانی حقو ق کے اداروں تک بھارتی جارحیت کا معاملہ پہنچایا ہے، او آئی سی کشمیر کی آزادی تک اس موقف پر قائم رہے گی۔

یہ بات او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سفیر  حسین ابراہیم طہ نے پیر کو یہاں   او آئی سی کے مرکزی دفتر میں پاکستان قونصلیٹ کی درخواست پر کشمیر میں نہتے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی تصاویر کی نمائش پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، تصاویر کی نمائش میں بڑی تعداد میں او آئی سی کے ممبر ممالک کے نمائندں نے شرکت کی  جبکہ جدہ میں پاکستان  کشمیر کمیٹی کے اراکین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔

 جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے سیکرٹری جنرل نے یاد دلایا کہ او آئی سی نے گزشتہ چار دہائیوں میں کشمیری عوام کی ان کے حق خود ارادیت کے استعمال کی جدوجہد میں اجتماعی طور پر حمایت کی ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے او آئی سی کے اس مطالبے کی تجدید کی کہ وہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر میں تنازع کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔

سفیر  حسین ابراہیم طہ نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا کہ وہ جموں کشمیر کے تنازع کو حل کرنے کے لیے ایک ضروری قدم کے طور پر بین الاقوامی برادری کی تعمیری شراکت کے ساتھ ایک دوسرے کو سنجیدہ مذاکرات میں شامل کریں۔

  نمائش سے  خطاب کرتے ہوئے او آئی سی میں سیکریٹری جنرل کے نمائندے برائے جموں و کشمیر  یوسف ایم الدوبئے

 نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا  کہ  او آئی سی کے ایجنڈے میں کشمیر اور فلسطین سرفہرست ہیں۔ او آئی سی کے اصولی موقف کی توثیق کرتے ہوئے خصوصی ایلچی نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جو اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اس کے پرامن حل پر زور دیتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ او آئی سی کشمیریوں کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی اور جموں و کشمیر کے عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کو حل کرنے میں مدد کرے گی،جلدہی او آئی سی کی وفد  پاکستان اور جموں  وکشمیر کا پھر دورہ کرے گا۔

 اس سے قبل او آئی سی میں پاکستان کے مستقل سفیر  سید  فواد شیر نے خطاب کرتے ہوئے کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کا ذکر کیا اور  او آئی سی سیکریٹری جنرل سے دوخواست کی وہ  او آئی سی کے ممبر ممالک کو  تحریک آزادی کشمیر پر  سرگرم رکھیں۔

 قونصل جنرل جدہ خالد مجید نے اپنے خطاب میں او آئی سی  اور خصوصی طور پر  سیکریٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا انہوں نے پاکستان کی درخواست پر  اس نمائش کا اہتمام کی تاکہ او آئی سی کے ممبر ممالک تصاویر دیکھ کر اندازہ لگا سکیں کہ عورتوں، بچوں اور نہتے نوجوانوں پرظلم ڈھائے جارہے ہیں۔

تصاویر کی نمائش سے پاکستان کشمیر کمیٹی کے صدر مسعود احمد پوری نے بھی خطاب کیا اور کشمیر پر او آئی سی کے موقف پر شکریہ ادا کیا۔