ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے لگائے کیمپس میں ریسکیو 1122 کے اہلکار ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں، نوید اقبال

13

سیالکوٹ،14فروری (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے کہا ہے کہ ضلعی حکومت کی جانب سےترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے لگائے کیمپس میں ریسکیو1122 کے اہلکار ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں،ان کیمپس کا مقصد ترکی اور شام میں آنے والے زلزلہ کے متاثرین کی مالی امداد کے لیے فنڈ جمع کرکے مشکل وقت میں متاثرین کی مدد کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمشنر گوجرانوالہ کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی زیر نگرانی شہر میں تین مختلف مقامات پر کیمپس لگائے گئے ہیں۔ضلعی حکومت کی جانب سےکچہری چوک، انور خواجہ چوک دبرجی ملئیاں اور رنگپورہ چوک میں کیمپس لگا دئیے گئے ہیں جن میں ریسکیورز ہمہ وقت موجود رہیں گے۔

نوید اقبال نے عوام الناس سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ زلزلہ متاثرین کے لیے دل کھول کر عطیات دیں جن میں نقد پیسوں کے علاوہ گھریلو ضرورت کی اشیاء جیسے کمبل رضائیاں، بستر وغیرہ شامل ہیں،تا کہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں ترک اور شام کے بھائیوں کی مدد کر سکیں۔