تھرپارکر ، 28 فروری (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر لعل ڈنو منگی نے کہا ہے کہ یکم مارچ سے ملک کے دیگر حصوں کی طرح ضلع تھرپارکر میں بھی پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری شروع ہونے جارہی ہے جس کے لیے سیکورٹی پلان سمیت تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج دربار ہال مٹھی میں مردم شماری کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تھرپارکر میں مردم شماری کے حوالے سے تعلقہ سطح پر کنٹرول رومز قائم کیئے گئے ہیں اور اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں مردم شماری کا کام کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر لعل ڈنو منگی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کے سیکیورٹی سمیت تمام عملے کو مانیٹر کرنے کے لیے تعلقہ کی سطح پر گروپس بنانے جائیں تاکہ کے ایک دوسرے سے بروقت رابطہ ممکن ہو سکے اور کسی بھی مشکل کی صورت میں ایک دوسرے کو باہمی طور پر مدد فراہم کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ مردم شماری سے منسلک عملے اور سیکورٹی کے اہلکاروں کو تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کی جائے گی۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے مردم شماری کے ڈویژنل کوآرڈینیٹر میرپور خاص محمد شفیق نے بتایا کہ ضلع تھرپارکر میں 70 سرکل، 1469 بلاکس ہیں، جس میں 984 اسٹاف اور 116 سپروائزر مردم شماری کا کام سرانجام دینگے۔ انہوں نے کہا کہ سپروائزرز کو نگرانی کے عمل کے لیے گاڑیوں کی سہولت فراہم کی جائے گی اور ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے اسٹاف کو نادرا سے ویریفائیڈ ٹبلیٹس بھی فراہم کیے گئے ہیں جبکہ فوری اور بروقت رابطے کے لیے واٹس ایپ گروپس بھی تشکیل دئیے گئے ہیں جو شکایات کے بروقت ازالے کے لیے رابطے میں رہینگے۔
اس موقع پر تھر پارکر پولیس اور پاک رینجرز کے افسران نے سیکورٹی کے ضمن میں تشکیل دئیے گئے پلان سے اجلاس کو آگاہ کیا۔