اسلام آباد،23فروری (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے کہاہے کہ خواتین انٹر پرینیورز کا ملکی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ہے ،خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے وزارت تجارت ،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی ،اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس کے ساتھ ساتھ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی کوششیں لائق تحسین ہیں ، خواتین مجموعی ملکی آبادی کا 51 فی صد ہیں جو ملکی معاشی ترقی میں مردوں کے شانہ بشانہ کردار ادا کررہی ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں خواتین انٹرپرنیورز کی حوصلہ افزائی کے لیے ” ہر ہنر ” نمائش کی پری لانچنگ تقریب اور نمائش کے آفیشل لوگو کی تقریب رونمائی سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے خواتین انٹرپرینیورز کی حوصلہ افزائی کے لیے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے اقدامات کو سراہا اور یقین دلایا کہ وزارت اطلاعات و نشریات اس ایونٹ کو کامیاب بنانے میں بھرپور معاونت کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کیلئے ایک الگ پلیٹ فارم کے طور ٹی ڈیپ نے ایک اچھی کوشش کی ہے جس سے دور دراز علاقوں کی خواتین اس نمائش کیلئے آ رہی ہیں۔ انہوں نےکہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ مرد خواتین کی معاونت کریں۔وفاقی سیکرٹری نے کہاکہ خواتین انٹرپرینیورز کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، اس حوالے سے خواتین کو بزنس فرینڈلی ماحول کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔
ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل محمد نصیر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خواتین انٹرپرینیورز کو گلوبل سطح پر متعارف کرانے کی کوششیں جاری ہیں اور ٹی ڈیپ کاروباری خواتین کی ترقی اور ان کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہاہے ۔
ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر مریم ممتاز نے ”ہر ہنر ” نمائش کے خدو خال بارے پریذینٹیشن دی اور بتایاکہ خواتین انٹرپرینیورز کی حوصلہ افزائی کے لیے نمائش کا انعقاد 4تا 5مارچ پاک چائنا فرینڈشپ سنٹر اسلام آباد میں ہوگا ۔جس میں ملک بھر سے بالخصوص شمالی علاقہ جات کی خواتین انٹرپرینیورز اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گی ۔
تقریب سے اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر رضوانہ چوہدری ،آئی ٹی ایکسپرٹ سدرہ چیمہ اور ماہ نور فاطمہ نے بھی خطاب کیا اور کہاکہ خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے حکومت پاکستان ، وزارت تجارت اور ٹی ڈیپ کے اقدامات قابل تحسین ہیں ۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہاکہ ملکی معاشی ترقی بالخصوص خواتین انٹرپرینیورز کی ترقی کے لیے تاجر دوست پالیسیوں کا فروغ اور خواتین انٹرپرینیورز کو سہولیات کی فراہمی بہت اہم ہیں ۔انہوں نے کہاکہ خواتین کو معاشی خودمختار بنانے اور معاشرتی خوشحالی کے لیے اس طرح کی نمائشیں بے حد مفید ثابت ہوں گی ۔
تقریب کے اختتام پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل محمد نصیر کو سووینیئر پیش کیا ۔