سیالکوٹ،21فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عدنان محمود اعوان نے کلین گرین ڈسکہ مہم کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان کی زیر قیادت ایک خصوصی آگاہی واک بھی نکالی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ محمد فیصل، سی او عبد الحئی بھٹی، سماجی کارکن تنویر بلا اور حاجی زاہد کے علاوہ کثیر تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ صفائی کیلئے خصوصی مہم خوش آئند ہے تاہم صفائی ستھرائی کے نظام کو مستقل بنیاد پر استوار کرنے کی اشد ضرورت ہے بالخصوص سکولوں میں زیر تربیت بچوں کی سماجی ذمہ داریوں بارے تربیت فراہم کی جائے کہ وہ خود بھی صاف ستھرا رہیں اور ماحول کو صاف رکھنے میں بطور ذمہ دار شہری اپنے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ اور محکمہ تعلیم کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ سکولوں میں صفائی اورٹریفک آگاہی کیلئے خصوصی شعوری مہم شروع کریں۔ انہوں نے اے سی ڈسکہ کو ہدایت کی کہ وہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی زیر نگرانی تعمیرکئے جانے والے پبلک پارک کو جلد از جلد اپنی تحویل میں لیں اور عوام کیلئے کھولیں اور اسی طرح شاہ ولی پارک کو بھی بحال کیا جائے۔ ڈی سی نے یہ بھی ہدایت کی کہ ڈسکہ سٹی کے مختلف چوکوں کی خوبصورتی کیلئے کی جانے والی تعمیرات کی دیکھ بھال کے علاوہ ضروری مرمت اور بحالی کا کام بھی مستقل بنیادوں پر ہونا چاہئے۔
ڈپٹی کمشنر نے سی او ایم سی ڈسکہ کو ہدایت کی شعبہ سینی ٹیشن کو فعال کیا جائے اور پوری مشینری اور انسانی وسائل بروئے کار لائے جائیں،اشیاء خوردنوش کی نئی قیمتوں کا تعین کردیا گیا اسپیشل پرائس مجسٹریٹس کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقررہ نرخوں عملدر آمد یقینی بنائیں۔