سیالکوٹ،21فروری(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عدنان محمود اعوان نے کہاہے کہ شہر میں ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والی مستقل اور عارضی تجاوزات کو فوری ہٹایا جائے ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن شعبہ تہہ بازاری کو کارگردگی دکھانا ہوگی اس سلسلہ میں غفلت اور کوتاہی کا مظاہرہ کرنے والے عملہ تہہ بازاری کا سختی سے محاسبہ کیا جائے گا۔
یہ ہدایات انہوں نے شہر میں تجاوزات کے خاتمہ مہم، سٹی بیوٹیفیکیشن اور سیوریج لائن کی صفائی کے پلانز کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقدہ ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیں۔
ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے ایس ڈبلیو ایم سی کو شہر میں نالوں اور سیوریج لائنز کی ڈی سلٹنگ کا پلان بنانے کی ہدایت کی اور صبح 6بجے سیوریج لائنز کی صفائی کی مہم کا باقاعدہ آغاز کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہاکہ ایس ڈبلیو ایم سی کا علی الصبح شروع ہونے والے آپریشن کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ کا عمل بھی آپریشن کے ساتھ شروع کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نےسی او میٹروپولیٹن کارپوریشن کو شہر کے چوکوں اور چوراہوں کی بیوٹیفیکشن کے پلان پر تیزی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ ٹائم لائن کے اندر پراجیکٹس شروع نہ کرنے والے چوکوں کی بیوٹیفیکشنز کے این او سی کینسل کردئے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے پی ایچ اے کو فعال بنانے کیلئے محکمہ ہائی ویز اور زراعت کی جانب سے عارضی طور پر ہیومین ریسورس کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اے ڈی سی جنرل کو فوکل پرسن مقرر کیا اور غیر حاضر عملہ کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی مشاورت سے ٹریفک کی روانی میں بہتری کیلئے روڈ جیومیٹری اور ڈرائنگ کو بہتر بنانے کیلئے فوری کام کرنے کے احکامات جاری کئے۔
اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ غلام سرور، سی او میٹرو پولیٹن کارپوریشن فیصل شہزاد، سی او ضلع کونسل الفت شہزاد، سینئر آپریشن مینیجر ایس ڈبلیو ایم سی مجاہد رسول، آپریشن مینیجر آغا داؤد اور سپرنٹنڈنٹ باغات ملک شوکت کے علاوہ پی ایچ اے کے متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔