شوگر کے مرض سے بچنے کیلئے ورزش کریں اور میٹھا کھانے سے پرہیز کریں،وسیم اکرم

14

ملتان۔21فروری  (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ذیابیطس کے مرض سے بچنے کیلئے ورزش کریں اور میٹھا کھانے سے پرہیز کریں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کے پریکٹس سیشن کے بعد شوگر کے بیماری میں مبتلا قاسم بیلہ ملتان کے رہائشی 13 سالہ ایان لودھی سے ملاقات کے دوران کیا۔ایان لودھی نے لیجنڈ فاسٹ بالر کو اپنی بیماری سے متعلق بتایا۔وسیم اکرم نے بچے کو کہا کہ آپ نے پریشان نہیں ہونا،میں خود گزشتہ کئی دہائیوں سے اس مرض کا شکار ہوں اور اس سے لڑرہاہوں،میں نے میٹھا کھانا چھوڑ دیا ہے۔انہوں نے بچے کو مشورہ دیا کہ اپنا شوگر لیول کنٹرول کریں،کھانے پینے میں احتیاط کریں،ورزش کریں،ریلیکس رہیں اور میٹھا کھانا چھوڑ دیں۔انہوں نے بچے سے کہا کہ بیماری سے گھبرانانہیں ہے بلکہ اس سے لڑناہے اورنارمل لائف گزارنی ہے،میں خود اس بیماری کے باوجود زندگی انجوائے کررہا ہوں۔جس پرایان علی نے وسیم اکرم کے مشوروں پرعمل کرنے کاوعدہ کیا۔