بہاولنگر،21 فروری (اے پی پی ):ضلع بہاولنگر میں محکمہ خوراک پنجاب کیجانب سے 3لاکھ 38ہزار 500میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی کی زیر صدارت ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں گندم کی خریداری کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں گندم خریداری کے حوالہ سے کئے گئے انتظامات و تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ خوراک ضلع کی تین تحصیلوں چشتیاں ، ہارون آباد اور فورٹ عباس میں گندم کی خریداری جبکہ بہاول نگر اور منچن آباد میں وفاقی محکمہ پاسکو گندم کی خریداری کا مجاز ہے ۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ 3لاکھ 38ہزار 500میٹرک ٹن کے مجموعی ہدف میں تحصیل چشتیاں میں خریداری کا ہدف 1لاکھ 31ہزار میٹرک ٹن ، ہارون آباد میں 1لاکھ 17ہزار میٹرک ٹن جبکہ فورٹ عباس میں 1لاکھ 34ہزار کا ٹارگٹ ہے۔ ضلع بھر میں گندم خریداری کے 22 خریداری مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں 12 خریداری سنٹرز اور 10فلیگ مراکز بنائے گئے ہیں۔ چشتیاں میں 4 خریداری اور 5فلیگ مراکز، ہارون آباد میں 4خریداری اور 3فلیگ سنٹرجبکہ فورٹ عباس میں 4خریداری اور 2 فلیگ مرکز قائم کیے گئے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گندم خریداری کے 22مراکز پر سٹاف تعینات کردیا گیاہے اور سنٹرز پر کاشتکاروں کو تمام تر سہولیات مہیا کی جائیں گی۔
اجلاس سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی نے کہا کہ کسان ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ، کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی کو کاشتکاروں کااستحصال نہیں کرنے دیں گے۔
اجلاس میں ضلع بھر میں یور یاکھاد کی فراہمی اور فروخت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کیخلاف سخت کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے اور یوریا کھاد مقررہ نرخوں پر فراہمی کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ ،اسسٹنٹ کمشنر آمنہ احسان ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ، متعلقہ افسران جبکہ دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے۔