عارف والا؛حرمت قرآن و یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں ریلی کا انعقاد 

5

عارف والا،05فروری(اے پی پی):حرمت قرآن و یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں مرکزی جمعیت اہلحدیث و اہلحدیث یوتھ فورس تحصیل عارفوالا کے زیر اہتمام ترکھنی موڑ سے پرامن ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور پینا فلکس اٹھا رکھے تھے جن پر حرمت قرآن اور کشمیریوں کی آزادی کی تحریریں درج تھیں۔

 ریلی مختلف راستوں سے گزر کر شفیع شادی چوک پہنچی جہاں پر جمعیت اہلحدیث کے ضلعی امیر قاری عبد الرازق مشتاق، ناظم مولانا محمد یعقوب طاہر اور حافظ عبدالعزیز ربانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن میں مقدس کتاب قرآن پاک کی بے حرمتی کرکے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا ہم اس کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ہم اپنے کشمیری بہمن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔

ریلی میں ضلعی ناظم ماسٹر علی اصغر، ناظم مالیات محمد شکیل علوی،رہنماء محمد نواز،قاری یسین یزدانی سمیت شرکاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

 شرکاء نے تحفظ قرآن اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بلند کیے۔