ملاوٹی دودھ کی روک تھام کیلئے روزانہ کی بنیاد پر ناکہ بندی کی جارہی ہے،مدثر ریاض

13

بہاولنگر، 22 فروری ( اے پی پی ): ڈی جی فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک کا کہنا تھا کہ ملاوٹی دودھ کی روک تھام کیلئے روزانہ کی بنیاد پر ناکہ بندی کی جارہی ہے۔ یہ بات انہوں نے ڈیری سیفٹی ٹیم کی مضر صحت ملاوٹی دودھ کے خلاف کاروائی کے موقع پر کی۔

بہاولنگر میں ڈیری سیفٹی ٹیم نے ناکہ بندی کے دوران عارف والا روڈ پر مضر صحت ملاوٹی دودھ بردار گاڑی پکڑ لی۔ دوران چیکنگ دودھ میں یوریا، فارمالین کی ملاوٹ پائی گئی۔جدید لیکٹوسکین مشین کے ذریعے دودھ کے معیار کو چیک کیا گیا۔ملاوٹ ثابت ہونے پر گاڑی میں موجود ہزاروں لٹر دودھ تلف کر دیا گیا۔مضر صحت دودھ ملک شاپس اور ہوٹلوں پر سپلائی کیا جارہا تھا۔اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ  ملاوٹ مافیا کیخلاف دن رات کارروائیاں جاری ہیں۔