ملتان، 21 فروری (اے پی پی ): ایڈیشنل سیکرٹری ہاؤسنگ رانا اخلاق کی زیرِ صدارت واسا کی ریکوری کے حوالے سے ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا، واسا آفیسران نے ہفتہ وار رپورٹ پیش کی اور ریکوری اور دیگر امور بارے بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتہ تقریباً ایک کروڑ کی ریکوری کی گئی ہے، 556کنکشنز منقطع کیئےگئے جبکہ 315نادہندگان کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی گئی ہے اور 762مزید غیر قانونی کنکشنز کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔
اس موقع پر رانا اخلاق نے کہا کہ غیر قانونی کنکشنز کے لئے کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی، سروے اور فیلڈ ٹیموں کو روزانہ کی بنیاد پر متحرک کیا جائے،بڑے ڈیفالٹرز کو سب سے پہلے گرفت میں لیا جائے۔
رانا اخلاق نے مزید کہا کہ واسا کی ریکوری تسلی بخش ہے، رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بلا تفریق کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے جبکہ ریکوری اہداف سے ادارے کو استحکام حاصل ہوگا۔