ملتان، 28 فروری(اے پی پی ): کمشنر انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت اضلاع کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔کمشنر نے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام قائم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ذخیرہ اندوز، گرانفروش قومی مجرم، سخت کارروائی کی جائے ۔
عامر خٹک نے کہاکہ مہنگائی سے متاثر عوام پر بوجھ ڈالنے والے مافیا کی سرکوبی کیلئے عملی اقدامات کریں ، ہر روز پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی کارکردگی چیک کی جارہی ہے۔
اجلاس میں روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی کہ ڈویژن میں 136 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے 3951 چھاپے مارے گئے جبکہ ایک روز میں 129 خلاف ورزیوں پر کارروائی عمل میں لائی گئی ، 16 افراد گرفتار ہوئے اور 4لاکھ 70 ہزار روپے جرمانہ، 1 ایف آئی آر درج کروائی گئی اور 117 فلور ملز کو 1728 میٹرک ٹن روزانہ گندم کا کوٹہ فراہم کیا جارہا ہے اور سرکاری نرخ پر آٹا 1549 دکانوں، 134 ٹرک پوانٹس پر دستیاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک روز میں 10 کلو کے 120967 تھیلے 648 روپے لے حساب سے فروخت کئے گئے ہیں اور ڈویژن میں یوریا کے 598 رجسٹرڈ ڈسٹریبیوٹر ہیں اور ڈویژن میں 50 کلو یوریا کے 256574 تھیلوں کا سٹاک موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ یوریا گرانفروشی پر 5000 روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔