موٹر وے پولیس  کا ٹریفک قوانین کی آگاہی فراہم کرنے کیلئے خصوصی مہم کا آغاز

16

سکھر،01فروری(اے پی پی): ملک بھر کے نیشنل ہائی ویز اور موٹر ویز پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لانے سمیت حادثات سے بچاؤ کے لئے روڈ سیفٹی سے متعلق خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہے، جس میں موٹروے پولیس کے تمام افسران اس مہم میں حصہ لے رہے ہیں، جس کا مقصد ڈرائیوروں میں ٹریفک قوانین پر عمل اور روڈ حادثات سے بچاؤ  سے متعلق مختلف قسم کے پمفلیٹس تقسیم کیے جارہے ہیں جبکہ قومی شاہراہوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے جارہے ہیں۔

اس حوالے سے ایس پی موٹر وے زاہد نذیر کا کہنا تھا کہ آئی جی موٹروے کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں عوام کی جان و مال کا تحفظ اور محفوظ و آسان سفر موٹر وے پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ٹریفک قوانین پر عمل کرکے قومی شاہراہوں کو حادثات سے محفوظ بنایا جاسکتا ہے جبکہ مذکورہ مہم سے عوام میں ٹریفک قوانین کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جارہا ہے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو روڈ حادثات سے بچایا جاسکے۔