وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت موسمِ گرما میں بجلی کی فراہمی اور پاور سیکٹر کے مختلف منصوبوں پر جائزہ اجلاس

9

اسلام آباد۔28فروری  (اے پی پی):وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے  رواں سال موسمِ گرما میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل ٹرانسمیشن ڈسٹری بیوشن کمپنی (این ٹی ڈی سی) بورڈ کی ازسرنو تشکیل کی جائے، تھر۔مٹیاری ٹرانسمیشن لائن منصوبہ کو بروقت مکمل نہ کرنے کے مرتکب افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی یقینی بنائی جائے، سرکاری عمارتوں کو سولرپر منتقل کرنے کے منصوبہ کی رفتار تیز کی جائے۔ منگل کو وزیراعظم  آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق  وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت رواں سال موسمِ گرما میں بجلی کی فراہمی اور پاور سیکٹر کے مختلف منصوبوں پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔  اجلاس کو رواں سال موسمِ گرما میں بجلی کی متوقع طلب و فراہمی اور لوڈمینجمنٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو حکومت کے 10 ہزار میگاواٹ سولرائیزیشن منصوبے پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔  اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت سرکاری عمارتوں کی سولرآئیزیشن کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے اور منصوبے کی تکمیل معینہ مدت میں یقینی بنائی جائے گی، مقامی سطح پر سولر پینلز کی تیاری کے متعلق مجوزہ پالیسی آئندہ ہفتے کابینہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کر دی جائے گی. اسی طرح الیکٹرک بائیکس کی مقامی سطح پر تیاری کے حوالے سے پالیسی بھی حتمی مراحل میں ہے جس کیلئے تمام فریقین سے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔ اجلاس کو گیس کی بچت کے حوالے سے وزیرِ اعظم کے احکامات کی روشنی میں گیزرز میں کونیکل بیفلز کی تنصیب کے عمل کے بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ منصوبہ مقررہ ہدف سے  ایک ماہ  پہلے ہی مکمل کر لیا گیا ہے۔ اجلاس کو بجلی کی زیادہ کھپت والے پنکھوں اور بلب کے حوالہ سے بتایا گیا کہ ملک بھر میں کارخانوں میں ان کی تیاری رواں سال 30 جون کے بعد مکمل طور پر بند کر دی جائے گی، اس حوالہ سے متعلقہ صنعتوں کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اجلاس کو کابینہ کے 3 جنوری 2023 کے بجلی بچت پلان پر عملدرآمد سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے تمام صوبوں کو ان اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برتنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔ وزیرِ اعظم نے تاکید کی کہ توانائی کی بچت کو فروغ دینے کیلئے نہ صرف میڈیا کے ذریعے ایک منظم آگاہی مہم چلائی جائے بلکہ سکولوں و کالجوں کے تعلیمی نصاب میں اس حوالے سے مواد شامل کیا جائے۔  اجلاس کو زرعی ٹیوب ویلز کی سولرآئیزیشن پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرنے کے ساتھ ساتھ حال ہی میں قومی سطح پر آگاہی سیمینار بھی منعقد کیا گیا ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ آصف، خرم دستگیر، مریم اورنگزیب، چوہدری سالک حسین، سید مرتضی محمود، احسان الرحمن مزاری، مشیرِ وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، وزراءِ مملکت ڈاکٹر مصدق ملک، محمد ہاشم نوتیزئی، معاونین خصوصی جہانزیب خان، سید فہد حسین اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔