پاکستان کی معاشی بدحالی کی وجہ نیازی کے جھوٹ اور بداعمالیوں کی نحوست ہے جس کی سزا پوری قوم بھگت رہی ہے؛ مسلم لیگی رہنماء

33

نوشہرہ ورکاں،20فروری(اے پی پی ):مسلم لیگی رہنماء سابق ایم این اے حاجی مدثر قیوم ناہرا ، سابق چیئرمین ضلع کونسل گوجرانوالہ چوہدری مظہر قیوم ناہرا اور ایم این اے چوہدری اظہر قیوم ناہرا نے   کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی بدحالی کی وجہ نیازی کے جھوٹ اور بداعمالیوں کی نحوست ہے جس کی سزا پوری قوم بھگت رہی ہے۔

پیر کویہاں  صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ تباہ حال معیشت کی بحالی کے لئے سب جماعتوں نے میاں محمد شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ، ان حالات میں اقتدار کانٹوں کی سیج ہے اس چیلنج کو مسلم لیگ (ن) نے اپنے سیاسی مفادات کو ملکی مفادات پر ترجیح دیکر قبول کیا ۔انہوں نے  کہا کہ 2013 میں بھی لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا شکار پاکستان کو سنبھالا دیا تھا اور  2016 میں میاں محمد نواز شریف کی حکومت نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا مگر 2018 میں چند ججوں اور جرنیلوں نے ایک سازش کے تحت نااہل اور نالائق نیازی کو پاکستان پر مسلط کیا جس نے ملک کو معاشی و اخلاقی تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔

مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ  نیاز ی  نے  عدم اعتماد کے جمہوری عمل کا شکار ہونے کے بعد پاکستان بھر میں امریکہ اور فوج مخالف جعلی نعروں سے انتشار پھیلایا اور اب بڑی ڈھٹائی اور بے شرمی سے سیاسی مفادات کے لئے اپنے اس بیانیہ پر یو ٹرن لے لیا ہے۔انہوں نے  کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی بیماری کا مذاق اڑانے والا آج جیل جانے کے خوف سے گھر میں دبکا بیٹھا ہے اور عوام سے جیل بھرو تحریک میں شمولیت کا حلف لے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے اپنا مقدمہ اللہ تعالیٰ کے حضور پیش کیا تھا آج عمران خان سمیت وہ تمام کردار مکافات عمل کا شکار ہو کر اپنے انجام کو پہنچ رہے ہیں۔