کاشتکاروں کو مقررہ نرخوں پر کھادوں کی دستیابی کے لئے افسران زیرو ٹالرلنیس پالیسی پر عمل درآمد کریں ؛ ایڈیشنل سیکرٹری شبیر احمد

6

اوکاڑہ،17فروری(اے پی پی ):ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(ٹاسک فورس) پنجاب محمد شبیر احمد خان کی زیر صدارت ضلع  بھر میں کھادوں کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کے متعلق  جائزہ اجلاس  منعقد ہوا ۔ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) پنجاب محمد شبیر احمد خان نے کہا کہ  کاشتکاروں کو کھادوں کی مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانا اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام افسران زیروٹالرلینس پالیسی پر عملدرآمد کریں اور کسی بھی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں۔اس ضمن میں افسران اپنے علاقوں میں بڑی و چھوٹی مارکیٹوں اور کھاد کے ڈیلرز کی چیکنگ جاری رکھیں۔

 انھوں نے مزید کہا کہ افسران زرعی ادویات و غیر معیاری کھادوں کے خلاف زیرو ٹالرلینس پالیسی پر عمل کریں اور مجوزہ قانون کی شقوں کے مطابق اپنا کام بلا خوف و خطر جاری رکھیں۔کھادوں کی فراہمی کے مسائل کو حل کرنے کے لئے صوبائی اور وفاقی حکومت مل کر کام کر رہی ہیں۔

 ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(ٹاسک فورس) پنجاب نے ساہیوال ڈویژن کے علاوہ ضلع قصور اور وہاڑی میں اب تک ہونے والے ریڈزاور ایف آئی آر کے اندراج کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افسران کو اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کی ہدایت لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران اپنے علاقوں میں کھاد کی ٹریک اینڈ ٹریس ایبلٹی پر کڑی نگاہ رکھیں اور کسی بھی غیر قانونی کام کرنے والے کے خلاف فوری ایف آئی آر کا اندراج عمل میں لایا جائے۔

انھوں نے کہا کہ کاشتکاروں کے لئے ایک ایسا نظام کیا ہوا ہے جس میں بذریعہ واٹس ایپ/ ایس ایم ایس نمبر0300-2955539 کے ذریعے شکایات کو درج کروائی جا سکتی ہے۔یہ نمبر تما م کھاد اور پیسٹی سائیڈ ڈیلرز، کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور محکمہ زراعت کے دفاتر میں آویزاں کیا جائے تاکہ کاشتکار اس سے آگاہی حاصل کر سکیں اورکسی بھی شکایت کی صورت میں 24 گھنٹے میں اس کاازالہ کیا جائے۔

 اجلاس میں  ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ساہیوال چوہدری شہباز،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ساہیوال رانا مقصود اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ضلع اوکاڑہ ریاض انجم سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔بعد ازاں کسان تنظیموں کے نمائندگان نے ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے مسائل بتائے جنہیں انھوں نے فوری حل کرنے کی ہدایات کیں۔