کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے؛نگران وزیراعلی پنجاب

6

لاہور،4فروری(اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مشکلات کا شکار پنجاب کے کاشتکاروں اور کسانوں کے مسائل کے فوری حل کی خاطرہنگامی بنیادوں پر انقلابی فیصلوں کااعلان کیاہے۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پروگریسو فارمرز کے50رکنی وفد کو ملاقات کے لئے ہفتہ کے روز وزیراعلیٰ آفس بلا کر بریفنگ لی۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی سے پروگریسوفارمرز کے وفدنے تفصیلی ملاقات کی اور کاٹن، گندم،گنا،مکئی اور دیگرفصلوں کی بہتر پیداوار کے لئے تجاویز پیش کیں۔لائیوسٹاک اور فش فارمرز نے مسائل اور سفارشات بیان کیں۔ملاقات میں زرعی اجناس،لائیوسٹاک او رفش کی زیادہ پیداوار کے لئے موثر اقدامات کرنے اور ریسرچ کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔گوہر اعجاز نے اپٹما فائونڈیشن کی طرف سے کاٹن کی کاشت بڑھانے کے لئے ریسرچ کی خاطر 100کروڑ روپے کے فنڈ کے قیام کااعلان کیا۔انہوں نے زرعی شعبہ کی بہتری،پیداوار میں اضافے اور مارکیٹ تک آسان رسائی کے لئے ٹاسک فورس کے قیام کی منظوری دی۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی ٹاسک فورس کے چیئرمین ہوں گے ۔ٹاسک فورس میں نگران صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر، سیکرٹریز زراعت،آبپاشی، لائیوسٹاک، زرعی ریسرچ اداروں کے سربراہان ،گوہر اعجاز ، سید یاور علی، ذکا اشرف اور فواد مختار شامل ہوں گے ۔ٹاسک فورس 7روز میں زرعی پیداوار میں اضافے،نئے بیجوں کے استعمال، مارکیٹ تک آسان رسائی اور دیگر امور کے بارے میں سفارشات پیش کرے گی۔ محسن نقوی نے کہاکہ ٹاسک فورس کی سفارشات کی روشنی میں فی الفور فیصلے کئے جائیں گے۔انہوں نے تمام وزراء کو ڈویژن کی سطح پر کاشتکارو ں کے ساتھ ملاقات کاٹاسک دیا۔ صوبائی وزراء کمشنرز کے ساتھ مل کر کاشتکارو ں کے مسائل سنیں گے اور ان کے حل کے لئے ضروری اقدامات کریں گے۔اپٹما فائونڈیشن زرعی یونیورسٹیوں میں کاٹن اوردیگر فصلوں کے بہتر بیج پر ریسرچ کے لئے فنڈنگ کرے گی۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کھاد کی فراہمی یقینی بنانے اور بلیک مارکیٹنگ روکنے کے لئے موثر اقدامات کی ہدایت کی جبکہ ٹیوب ویل کے بجلی بل میں جی ایس ٹی پر سبسڈی بحال کرنے کے لئے وفاقی حکومت سے رجوع کرنے کافیصلہ کیاگیا۔انہوں نے لمپی سکن ویکسی نیشن مہم تیز کرنے کی ہدایت کی اور فش فارمرزکے مسائل حل کرنے کے لئے تجاویز مرتب کرنے کا حکم دیا۔ لاہور میں فش مارکیٹ منتقل کرنے کے لئے قابل عمل اقدامات کاجائزہ لیاگیا۔اٹک میں فصلیں تباہ کرنے والے جانور تلف کرنے پر اتفاق کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں اورجو کچھ بھی ہوسکا وہ کریں گے۔

 پروگریسو فارمرز کے وفد میں خالد محمود کھوکھر، چوہدری جواد احمد، چوہدری حسن اکرم،چوہدری رضوان اقبال،چوہدری بلال ارشد، چوہدری محمد یاسین، ابو بکر توصیف، حافظ محمد حفیظ ، سید شفقت حسین بخاری اور دیگر شامل تھے۔صوبائی وزراء ایس ایم تنویر،عامرمیر، گوہر اعجاز، سید یاور علی، چوہدری ذکاء اشرف، فواد مختار، سیکرٹریز زراعت،آبپاشی، لائیوسٹاک، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔