کرپشن معاشی اور سماجی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے؛چیئرمین نیب آفتابِ سلطان

3

اسلام آباد،1فروری  (اے پی پی):چیئرمین نیب آفتابِ سلطان نے کہا ہے کہ کرپشن معاشی اور سماجی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے،نیب کرپشن کے خلاف اپنے قومی فریضہ کو مکمل پیشہ وارانہ مہار ت اور بلاامتیاز دیانت داری کے ساتھ سرانجام دینے کے لئے پرعزم ہے ۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے بد عنوانی کے7 مختلف مقدمات کے متاثرین میں برآمد شدہ رقوم کی تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے کہا کہ  یہ رقوم کرپشن کے ذریعے خرد برد کی گئیں جو کہ طویل تفتیشی مراحل کے بعد ذمہ داروں سے بر آمد کی گئی ہیں، یہ نیب راولپنڈی کے ماہر تفتیش کاروں اور لیڈر شپ کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے کہ آج متاثرین اپنا حق وصول کر رہے ہیں اور نیب اپنی زمہ داریوں میں سرخرو ہو رہا ہے۔

چیئرمین نیب نے نیب راولپنڈی کی پوری ٹیم کومبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کسی بھی لالچ میں آ کر بد عنوان عناصر کے آلہ کار نہ بنیں اور اپنی جائز آمدن میں سے کسی کے غیر قانونی کاروبار میں سرمایہ کاری نہ کریں۔

مفتی احسان کیس میں جعلسازوں نے غیر قانونی مضاربہ سکینڈل شروع کر کے 9580 لوگوں کو 8.23 ارب روپے کا نقصان پہنچایاجس میں سے 58 کروڑ روپے برآمد کئے جا چکے ہیں جس میں سے 5 کروڑ 85 لاکھ روپے 6058 متاثرین میں تقسیم کئے جا چکے ہیں۔تقریب میں 15 متاثرین میں15 لاکھ روپے تقسیم کئے گئے۔

نیشنل ہائوس بلڈنگ اینڈ روڈ ڈویلپمنٹ کارپوریشن میں غبن شدہ تقریباً2 ارب روپے کی رقم وصول کر لی گئی ہے  جس میں سے 3535 متاثرین میں 68 کروڑ روپے پہلے ہی تقسیم کئے جا چکے ہیں اور آج کی تقریب میں 32 لاکھ روپے 20 متاثرین کو ادا کئے گئے۔

گلشن رحمان کیس میں ملزمان نے 5935 افراد سے 1.02 ارب روپے کی بھاری رقم لوٹی اور لوگوں کو پلاٹ فراہم کئے بغیر اپنے کاروبار میں استعمال کیا۔ ملزمان سے کل رقم واپس وصول کر لی گئی ہے، 14 کروڑ روپے پہلے ہی متاثرین کو واپس کئے جا چکے ہیں اور آج کی تقریب میں 87 لاکھ روپے 20 متاثرین کے حوالے کئے گئے۔

جعلی بینک اکائونٹس کیس میں حکومت سندھ کے ذرعی انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سندھ ٹریکٹر سبسڈی سکیم میں ایک ارب روپے سے زائد رقم خورد برد کی گئی،اس کیس میں اب تک 8 کروڑ روپے ملزمان سے وصول کئے گئے ہیں جس میں سے 3 کروڑ روپے پہلے ہی متعلقہ ادارہ کو واپس کئے جا چکے ہیں جبکہ مزید 2 کروڑ روپے آج کی تقریب میں دیے کئے گئے ،باقی ماندہ رقم بھی جلد ہی سرکاری خزانہ میں جمع کرائ جائے گی۔

عسکریہ ٹاؤن ، جو کہ 2004 میں لانچ ہوا ، میں 5400 افراد سے 49 کروڑ روپے کی بھاری رقم لوٹی گئی ، نیب نے تفتسیش مکمل کرکے2007 میں عدالتی ریفرنس دائر کیا۔کیس میں غبن شدہ کل رقم برآمد کی جا چکی ہے۔ 27 کروڑ 32 لاکھ پہلے ہی متاثرین کو واپس کئے جا چکے ہیں اور آج کی تقریب میں 24 لاکھ 21 متاثرین کے گئے۔

امیر زمان شنواری کیس میں ملزمان نے شہید ملت سیکریٹریٹ اسلام آباد میں ائیر کنڈیشننگ سسٹم کی تنصیب میں 31 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا، اب تک بر آمد کی گئی رقم میں سے آج کی تقریب میں 10 لاکھ روپے محکمہ کو واپس کئے گئے۔خضر حیات کیس میں ملزم نے فتح جنگ اٹک کے عوام کے فنڈز میں خورد برد کی جو کہ بر آمد کر کہ آج کی تقریب میں ایک  کروڑ 87 لاکھ روپے حکومت پنجاب کے نمائندے کے حوالے کئے گئے۔

تقریب میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹرجنرل اکائونٹیبلٹی ، ڈی جیز اور دیگر سینئر نیب افسران نے بھی شرکت کی۔