گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کی جیلوں میں اصلاحات کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت

3

لاہور، 04 فروری (اے پی پی ):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے جیلوں میں اصلاحات کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے  ہوئے  کہا ہے کہ جیلوں میں دوران حراست قیدیوں کی اصلاح پر توجہ دینی چاہیے تاکہ وہ اچھے انسان بن کر رخصت ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) جیل خانہ جات پنجاب مبشر احمد خان سے گفتگو میں   کیا ، جنہوں نے  ہفتہ  کو یہاں  گورنر ہاؤس میں گورنر سے ملاقات کی۔آئی جی جیل خانہ جات پنجاب نے گورنر پنجاب کو محکمہ کی طرف سے قیدیوں کی فلاح و بہبود اور جیلوں میں قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ قیدی قانون کے مطابق بنیادی انسانی حقوق کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے آئی جی جیل خانہ جات کو اصلاح احوال پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے آئی جی جیل خانہ جات سے مزید کہا کہ وہ قیدیوں کے لواحقین کی شکایات کے ازالے اور انہیں قانون کے مطابق دی جانے والی سہولیات کے لیے ایک جامع میکنزم پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مبشر احمد خان نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی میں خواتین قیدیوں کے لیے الگ الگ جیلیں بنائی جا رہی ہیں اور ان جیلوں میں خواتین ہی تعینات ہوں گی۔آئی جی نے کہا کہ انہوں نے اپنا واٹس ایپ نمبر پبلک کر دیا ہے تاکہ قیدیوں کے لواحقین اپنی مدعیوں کے ازالے کے لیے ان سے براہ راست رابطہ کر سکیں۔

ملاقات میں  آئی جی جیل خانہ جات نے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کو جیلوں کے دورے کی دعوت بھی  دی۔