آئی ٹی کے شعبے میں کافی مواقع موجود ہیں، نوجوان آئی ٹی کے مواقع سےفائدہ اٹھاکر ملک کی معاشی خوشحالی میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں؛صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

2

کراچی،18مارچ  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستانی طلباء پر زور دیا ہے کہ وہ جدید آئی ٹی صنعتی دور میں مقابلہ کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت سیکھیں اور اس کا  خود پراطلاق کریں۔ آئی ٹی کے شعبے میں کافی مواقع موجود ہیں،جن  سے  نوجوان  فائدہ اٹھاکر ملک کی معاشی خوشحالی میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو جامعہ کراچی میں پاکستان کے لیے  ناگزیرروایتی اور غیر روایتی سکیورٹی کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد ایم عراقی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سی آئی ایس ایس ایس، سفیر قاضی خلیل اللہ ، چیئرپرسن شعبہ بین الاقوامی تعلقات کراچی یونیورسٹی ڈاکٹر شائستہ تبسم، اساتذہ اور طلبہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ صحت مند اور متوازن معاشرے کے قیام کے لیے لوگوں کو تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات میسر ہوں۔انہوں نے روزمرہ کی زندگی یا پالیسی سازی میں فیصلے کرتے وقت  ہمیں سماجی اور معاشرتی ضروریات، مسائل اور رویوں کو ذہن میں رکھ کر  اپنے فیصلوں کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال 90 لاکھ بچے پیدا ہوتے ہیں جن میں سے 50 فیصد غیر ارادی طورپر پیدا ہوتے  ہیں۔ مناسب منصوبہ بندی، معلومات اور سہولیات کی فراہمی کے ذریعے نہ صرف بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے بلکہ حمل کے دوران خواتین کی صحت کے مسائل کو حل کرنا بھی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف قدرتی وسائل ہی کسی ملک کی خوشحالی کے لیے کافی نہیں ہیں، بلکہ قدرتی وسائل کے ساتھ ساتھ فکری وسائل کا بھی موثر استعمال ضروری ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ قدرت نے بحیثیت قوم ہمیں بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے لیکن ان وسائل اور صلاحیتوں کے صحیح استعمال نہ ہونے کی وجہ سے ہم زندگی کے ہر شعبے میں ترقی کی دوڑ میں اپنے پڑوسی ممالک سے پیچھے رہ گئے ہیں۔انہوں  نے پاکستانی حکومت اور عوام کی کاوشوں کو سراہا جس طرح انہوں نے کوروناکا دانشمندی سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت ملک کو مضبوط کرنے کا بہترین ذریعہ ہے اور اس حوالے سے انہوں نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ سے تبدیلی لانے کے لیے پاکستانی سیاست میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

قبل ازیں وائس چانسلر ڈاکٹر خالد ایم عراقی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سی آئی ایس ایس ایس ایمبیسیڈر قاضی خلیل اللہ اور چیئرپرسن انٹرنیشنل ریلیشنز کراچی یونیورسٹی ڈاکٹر شائستہ تبسم نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور اس موضوع پر اپنی معلومات سے شرکاء کوآگاہ کیا۔