جلال پور پیر والابار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران نے حلف اٹھا لیا، سائلین کی داد رسی میں کردار ادا کریں؛محمد اکمل خان

4

جلال پورپیروالا،18 مارچ(اے پی پی ):جلال پور پیر والابار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران نے  حلف اٹھا لیا ہے ۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملتان محمد اکمل خان نے بار کی منتخب کابینہ سے حلف لیا۔

 تقریب حلف برداری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج  محمد اکمل خان نے کہا کہ عدالتوں اور وکلا کو سہولیات کی فراہمی کا مقصد یہ ہے کہ وہ لوگ جو حکومتی اداروں یا دیگر افراد کی طرف سے ستائے جانے پر انصاف کی فراہمی کے لیے عدالتوں میں آتے ہیں تو ہم ان کی داد رسی کریں لیکن بدقسمتی سے ہم لوگوں کی توقعات پر پُورا نہیں اُتر رہے تھے اپنی شکایات سے آگاہی کے لیے سائلین کی ہم تک رسائی نہیں تھی، اس کے لیے ہم نے عدالتوں کے باہر پینا فلیکس لگائے ہیں جن پر عدالتی عملہ و عدالتی افسران کے خلاف شکایات کے لیے موبائل فون نمبرز دئیے گئے ہیں۔

 ڈسٹرکٹ جج محمد اکمل خان نے کہا کہ عوامی شکایات کے خاتمے کے لیے ہمیں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے، کسی بھی عدالتی اہلکار حتیٰ کہ ججز کے خلاف بھی کوئی شکایات ہوں تو مقامی ججز کو، سینئر سول جج ملتان کو یا مجھے کال کر کے آگاہ کر دیں، ہم ڈلیور کر کے اپنے پروفیشنل ہونے کا ثبوت دے سکتے ہیں۔

 محمد اکمل خان نے اپنے خطاب میں بتایا کہ جلال پور بار کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہوں، عدالتی ریکارڈ روم کی تعمیر کے لیے ایک کروڑ 98 لاکھ روپے منظور ہو چکے ہیں جس کا آج سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے، جوڈیشل کمپلیکس میں سیکورٹی انتظامات کی بہتری کے لیے 37 لاکھ 61 ہزار روپے منظور ہو چکے ہیں، سیکورٹی ملازمین کے لیے کمرے بنائے جائیں گے،  وکلا کے لیے نئے بر روم کی تعمیر، سائلین کے بیٹھنے کے لیے مزید شیڈز بنانے اور ججز کی رہائش گاہوں کے باہر ٹف ٹائل کے منصوبوں بھی منظوری کے مراحل پر ہیں۔

ڈسٹرکٹ جج ملتان نے اپنے خطاب کے دوران تقریب میں موجود اسسٹنٹ کمشنر جلال پور کو ہدایت کی کہ پارکنگ نہ ہونے کے سبب وکلا اور سائلین کی پریشانی کے مدنظر وہ کچہری کے سامنے والے خالی سرکاری پلاٹ کو پارکنگ کے لیے استعمال ہونے دیں اور اس حوالے سے ضروری دفتری کارروائی کو جلد مکمل کر لیں۔

 ممبر پاکستان بار کونسل مرزا عزیز اکبر بیگ ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حالیہ کچھ عرصہ میں  ضلع ملتان میں عدالتوں میں کرپشن کی شکایات میں کمی آئی ہے مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ صدر جلال پور بارایسوسی ایشن منور خان لنگاہ نے اپنے خطاب میں بار ایسوسی ایشن جلال پور کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے ان کے بلاتاخیر حل کا مطالبہ کیا۔

تقریب میں نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری بار جام عبدالمجید نے سرانجام دئیے، حلف برداری کی تقریب میں ایڈیشنل سیشن جج جلال پور اختر حسین کلیار، ایڈیشنل سیشن جج عارف والہ رانا محمد طارق، سینئر سول جج ملتان مکرم حسین، سول ججز عابدہ ظفر، راو عبدالواجد، محمد اظہر خان، ممبران پنجاب بار کونسل سید جعفر طیار بخاری، داود احمد وینس، رانا اقبال نون، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے صدر وحید رضا، جنرل سیکرٹری علی الطاف، محمود اشرف خان، خالد اشرف خان سمیت وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 حلف برداری سے قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج  محمد اکمل خان نے عدالتی ریکارڈ روم کی عمارت کے تعمیراتی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔