رمضان المبارک کے دوران مساجد میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے،ڈی پی او سیالکوٹ

2

 سیالکوٹ،21مارچ(اے پی پی): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ذیشان رضا  نے کہا  ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران مساجد میں سحری، افطاری اور تراویخ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ذیشان رضا نے بسلسلہ رمضان المبارک ضلعی امن کمیٹی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈی پی او سید ذیشان رضا نے کہا کہ  رمضان المبارک میں لاوڈ اسپیکر پر پابندی کے قوانین پر ہر صورت عملدرآمد کروایا جائے گا، احترام رمضان آرڈیننس پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کاشف نواز نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ رمضان المبارک میں گراں فروشی اور گداگری کی روک تھام کے لئے موثر کریک ڈاؤن یقینی بنائے گا، مساجد کے باہر اسٹریٹس لائٹس کو فنکشنل رکھنے، صفائی ستھرائی  کے خصوصی انتظامات کئے جائیں ،  ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

اجلاس میں شریک علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان انسان میں صبر اور برداشت پیدا کرتا ہے، معاشرے میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے اور بھائی چارے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے باہمی اختلافات کو بالا طاق رکھتے ہوئے ہر ذمہ دار شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

اجلاس میں  سب رجسٹرار اربن محمد اکرم، وائس چیئرمین حافظ اصغر علی چیمہ، علامہ ایوب خان، مفتی کفایت اللہ شاکر، علامہ نسیم عباس، حافظ یامین، حافظ عبدالغفار، پیر ظہور واصف، حافظ شیخ آصف، ماسٹر فیض، حافظ غلام محی الدین جیلانی، قاری محمداقبال گھمن، سید نجم الحسن گیلانی، غلام حسین سلطانی، علامہ ایوب اوپل، قاری مصدق قاسمی اور انچارج سیکیورٹی برانچ حافظ سعید نے شرکت کی۔