رمضان ریلیف پیکج سے صوبہ بھر کے 10کروڑ افراد مستفید ہوں گے؛ بیرسٹر سید اظفر علی ناصر

35

 سیالکوٹ،24مارچ (اے پی پی):صوبائی وزیر اوقاف بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے مفت آٹے کی فراہمی کیلئے رمضان ریلیف پیکج سے صوبہ بھر کے 10کروڑ افراد مستفید ہوں گے،مفت آٹا کے حصول کے لئے آنیوالے افراد کے شناختی کارڈز ٹرکنگ پوائنٹس پر قائم کاؤنٹرز سے کم سے کم وقت میں سکین کرکے آٹے کا بیگ انکے حوالے کر دیا  جاتا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر  ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوا ن نے بریفنگ دی، صوبائی وزیر نے مزار امام علی الحق پر بھی حاضری دی اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کا معائنہ کیا۔

وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر صوبائی وزیر اوقاف، مذہبی امور بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے ڈپٹی کمشرعدنان محمود اعوان کے ہمراہ انواز کلب، وینس میرج ہال، رحمت میرج ہال میں قائم ٹرکنگ پوائنٹس کا معائنہ کیا، آٹا کے حصول کیلئے آنیوالوں سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا۔

 صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی کی قیادت میں صوبائی حکومت نے ماہ رمضان المبارک میں مستحق شہریوں کی سہولت کے لئے 64ارب روپے کا تاریخی ریلیف پیکج دیا ہے، صوبہ بھر میں اس مقصد کیلئے ٹرکنگ پوائنٹس بنائے گئے ہیں اور توقع ہے کہ صوبہ پنجاب کے 60ہزار روپے سے کم آمدنی والے 10کروڑ افراد اس سکیم سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ضلع سیالکوٹ میں 5لاکھ 20ہزار رجسٹرڈ گھرانے حکومت پنجاب کے اس پروگرام سے فائدہ اٹھا کر مفت آٹا حاصل کر سکیں گے، ابتک ضلع سیالکوٹ کے 30مراکز سے 1لاکھ55ہزار 911تھیلے آٹا مفت فراہم کیا جاچکا ہے جبکہ مجموعی طور پر ضلع سیالکوٹ کے شہریوں کو ماہ رمضان المبارک میں 15لاکھ تھیلے آٹا مفت فراہم کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر اوقاف بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے بعد ازاں امام علی الحق (امام صاحب) کے مزارپر حاضری دی، چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے مزار سے متصل مسجد میں موجود نمازیوں سے بھی خطاب کیا اور کہا اولیا ء کرام نے محبت، امن، اخوت کا درس دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں، ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کیلئے ہر فرد کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

صوبائی وزیر اوقاف بیرسٹر اظفر علی ناصر نے علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، مریضوں کو فراہم کی جانیوالی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں مریضوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ڈاکٹرز و عملہ خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ہوکر اپنے فرائض سرانجام دیں۔