رمضان ریلیف پیکج کے تحت ضلع ملتان میں 24 لاکھ سے زائد مفت آٹے کے تھیلے فراہم کئے جائیں گے؛کمشنر

3

ملتان،22 مارچ (اے پی پی ):کمشنر عامر خٹک نے کہا ہے کہ رمضان ریلیف پیکج کے تحت ضلع ملتان میں  8 لاکھ خاندانوں کو 24 لاکھ سے زائد مفت آٹے کے تھیلے فراہم  کئے جائیں گے، اس مقصد کیلئے 34 مرکزی آٹا پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس میں ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی حکام کی ویڈیو لنک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ ملتان ڈویژن میں بھاری بارش کے باوجود تمام پوائنٹس سے پانی نکال کر آٹا فراہمی کا سو فی صد ٹارگٹ پورا کیا گیا۔حالیہ بارشوں کی پیشنگوئی کے بعد ببارشوں کے موسم میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور واسا کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شدید بارش کے بعد آٹا پوائنٹس کی فوری بحالی کا حکم دیا ہے تاکہ عوام کو پیکج کے ثمرات سے مستفید کرایا جاسکے۔

عامر خٹک نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز آٹا فراہمی اور مردم شماری مہم کی براہ راست نگرانی کریں جبکہ آٹا سنٹرز کے باہر موثر ٹریفک منیجمنٹ اور سکیورٹی پلان بھی تشکیل دیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ دوروں کے ذریعے عوامی شکایات کا ازالہ کریں جبکہ آٹا پوائنٹس پر شناختی کارڈ سکینگ کے حوالے سے شہریوں کو موثر آگاہی دی جائے۔

کمشنر نے الٹی میٹم دیا کہ افسران کا روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی آڈٹ بھی کیا جائے گا۔