سکھر؛ سماجی برائیوں میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاون، پانچ ملزمان  گرفتار

7

سکھر،22مارچ(اے پی پی):ڈی آئی جی جاوید سونہارو جسکانی کی ہدایات پر ایس پی سنگھار ملک نے شہر کو منشیات سے پاک کرنے ،سماجی برائیوں میں ملوث ملزمان کے خلاف  کریک ڈاون شروع  کر دیا ہے ، پولیس نے خفیہ اطلاع پر تھانہ سائیٹ کی حدود گولیمار کے قریب خان کولڈ اسٹور پرچھاپہ مارا، جس دوران  کروڑوں مالیت کی گٹکہ ماوہ کے لئے استعمال ہونے والی کچی چھالیہ، چورا، انڈین گٹکہ، انڈین چھالیہ اور چرس و دیگر اشیاء برآمد کیا گیا ہے۔

کارروائی کے دوران  پولیس نے پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں احمد پٹھان ، اجمل خان پٹھان ، قاسم پٹھان ، نصرت اللہ کاکڑ پٹھان ، اور علی خان سیلرو شامل ہیں۔

برآمد شدہ مال کی مالیت عالمی مارکیٹ کے مطابق تقریباً ایک کروڑ سے زائد بتائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان فیکٹری کے اندر بنائے گئے گودام میں منشیات جمع کرکے شہر میں خفیہ طور پہ بذریعہ کار سپلائی کرتے تھے۔

ڈی آئی جی جاوید سونہارو جسکانی نے ایس پی سنگھار ملک اور کامیاب کارروائی میں حصہ لینے والی پوری پولیس ٹیم کو تعریفی اسناد اور کیش اوارڈ کا اعلان کیا ہے۔