عوام کے تعاون کے بغیر جرائم پیشہ افراد کا خاتمہ یقینی نہیں ہو سکتا، ڈی ایس پی مدثر اقبال

3

نوشہرہ ورکاں،14مارچ( اے پی پی): ڈی ایس پی مدثر اقبال نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر جرائم پیشہ افراد کا خاتمہ یقینی نہیں ہو سکتا، مٹھی بھر لوگوں کا شریف شہریوں پر تسلط نہیں رہنے دیں گے۔

ان خیالات کا اظہارڈی ایس پی سرکل نوشہرہ ورکاں مدثر اقبال اور ایس ایچ او تھانہ نوشہرہ ورکاں رائے منیر احمد نے پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔پریس کلب کے ماہانہ اجلاس کے ساتھ ترتیب دیے گئے میٹ دی پریس پروگرام میں ڈی ایس پی مدثر اقبال نے سوال و جواب کی نشست میں کہا ہے کہ پولیس کے پیٹرولنگ سسٹم کے تحت جرائم کے خاتمہ کی کوشش جاری ہے۔

اس موقع پر ایس ایچ او رائے منیر احمد کا کہنا تھا کہ اصلاح کی خاطر پولیس پر تنقید بھی سننے کو تیار ہیں اور علاقہ میں امن کے قیام اور تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

پریس کلب رجسٹرڈ نوشہرہ ورکاں آفس میں مہمانوں کی آمد پر پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے ۔ اجلاس کے اختتام پر دعائے خیر کرائی گئی۔