فیسکو نے رمضان المبارک میں صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تیاریاں مکمل کرلی ہیں؛ چئیرمین ملک تحسین اعوان

2

 فیصل آباد،21مارچ(اے پی پی ): چئیرمین فیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز ملک تحسین اعوان نے کہا ہے کہ  فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو)انتظامیہ نے رمضان المبارک کے ماہ مقدس اور گرمیوں میں صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ریجن بھر میں آپریشنل تیاریاں مکمل کرلی ہیں اورمضان المبارک کی آمد کے حوالے سے انتظامات کوحتمی شکل دے دی ہے۔فیسکو ریجن کے تمام 1248فیڈرز پر سحر، افطاراورتراویح کے اوقات میں کوئی لوڈمینجمنٹ نہیں کی جائے گی۔

 یہ باتیں چئیرمین فیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز ملک تحسین اعوان  نے چیف ایگزیکٹو فیسکو انجنئیر بشیراحمد کے ہمراہ فیسکو ہیڈکوارٹرز میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہیں۔ چئیرمین فیسکو بورڈآف ڈائریکٹرز ملک تحسین اعوان اور چیف ایگزیکٹو انجنئیر بشیراحمد نے بتایا کہ ریجن بھرکے آٹھ اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، میانوالی، بھکر، خوشاب اور چنیوٹ میں ماہ صیام میں بجلی کی بلا تعطل ترسیل کی مانیٹرنگ کیلئے سپیشل ڈیسک /کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جو 24گھنٹے آپریشنل رہے گا۔انہوں نے مزیدکہا کہ فیسکو ہیڈکواٹرز اور پانچوں سرکلز میں قائم کردہ مانیٹرنگ سیل کی نگرانی چیف ایگزیکٹو فیسکو انجنئیربشیراحمد اور جنرل مینجر آپریشن رانا ایوب کریں گے۔سپیشل کنٹرول روم میں سحر اور افطار کے وقت بجلی کی ترسیل کی مانیٹرنگ کیلئے مختلف افسران کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔ پانچوں سرکلز میں کسی بھی ہنگامی صورتحال، صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے پانچ چیف انجنئیرز ان سرکلز کے مانیٹر کے طور پر آپریشنل سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے۔

 چئیرمین فیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز ملک تحسین اعوان نے کہا کہ رمضان المبارک میں سحری و افطاری اور نماز تراویح کے دوران عام گھریلو صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی تاکہ صارفین ماہ مقدس میں اپنی عبادات خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کر سکیں۔انھوں نے مزیدکہا کہ صارفین کی انفرادی شکایات کو بھی فی الفور حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیسکوسٹاف کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صارفین سے انتہائی خوش خلقی کے ساتھ پیش آئیں اورخدمت کے جذبے کے تحت ان کے مسائل کے فوری ازالے کیلئے اقدامات کریں۔

چیف ایگزیکٹو انجنئیر بشیراحمد نے بتایا کے ماہ صیام میں کسی بھی فیڈر پر ناگزیرحالات کے پیش نظر شٹ ڈاؤن صرف صبح چھ تا دن دس بجے تک دیا جائے گا تاہم متعلقہ فیڈر کے صارفین کو قبل از وقت اس شٹ ڈاؤن کی اطلاع بذریعہ ایس ایم ایس اور میڈیا دی جائے گی۔تمام سٹورز اور سب ڈویژنوں میں ہر قسم کا میٹریل اور حفاظتی آلات موجود ہیں۔ انھوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ سستی اور کاہلی برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ملک تحسین اعوا ن نے کہا کہ موسم گرما اور ماہ صیام کی آمد سے قبل ہی فیسکو ریجن بھرمیں آپریشن سسٹم کی دیکھ بھال اور مرمت کا خصوصی پروگرام شروع کیا گیا تھاجسے الحمد اللہ 15مارچ تک مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس دوران17ہزار9سو دس ایل ٹی بس بارکی درستگی اور تیاری کی گئی۔4ہزار سے زائد ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی لوڈبیلنسنگ کی گئی۔ دو فیز پر چلنے والے مختلف استعداد کے 181ٹرانسفارمرز کو تبدیل کیا گیا ہے۔ خصوصی مینٹی نینس پروگرام میں درختوں کی چھانٹی/کٹائی اور 11کے وی فیڈرز کے بوسیدہ ایچ ٹی جمپرز کو تبدیل کیا گیا ہے۔ریجن بھر میں 247ایمرجنسی ٹرانسفارمرز ٹرالیاں موجود ہیں۔ اسی طرح ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کے 4ہزار سے زائد ڈی فٹنگ لگز (Legs)کو نصب اور تبدیل کیا گیا ہے۔ 52 مختلف خطرناک مقامات کی سیفٹی کو مکمل کیا گیا۔

 انھوں نے مزید بتایا کہ فیسکو کے مختلف سٹورز میں 522مختلف استعداد کے ری کلیم ٹرانسفارمرزاور365نئے ٹرانسفارمرز موجودہیں جوکسی بھی ہنگامی صورتحال میں خراب ہونے والے ٹرانسفارمز کی جگہ تبدیل کئے جا سکتے ہیں۔ فیسکو ٹرانسفارمر ری کلیمیشن ورکشاپ میں موسم گرما سے قبل ہی ہزاروں ٹرانسفارمرز کی مرمت کرکے انہیں تیار کرلیا گیا تھا اور انہیں ریجن بھر کے آٹھ اضلاع کے سٹورزمیں بھجوا دیا گیا۔