قطر پاکستان میں تعلیم کا درجہ بلند کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے؛ وزیر تعلیم رانا تنویر حسین

8

اسلام آباد،22مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ رانا تنویر حسین نے کہا  ہے کہ  تعلیم سب سے بڑھ کر ہے ، قطر پاکستان میں تعلیم کا درجہ بلند کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، وفاق میں 53 ہزار بچے سکول سے باہر ہیں اور اس مسئلے کو حل کرنا اولین ترجیح ہے۔

ایجوکیشن آبو آل قطر کے سی ای او  فہد حمد حسن السلیطی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد  سے ملاقات کے دوران  گفتگو کرتے ہوئےوزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے فیڈرل میں سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد کو کم کرنے کی اپنی خواہش کو اجاگر کیا اور کہا کہ فیڈرل کو باقی ملک کے لیے ایک ماڈل بنایا جائے، سیاسی محرکات سے بالاتر ہو کر وہ پاکستان کے نوجوانوں کے مستقبل کے لیے مثبت کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

 ملاقات میں وفد کو وزارت کے سینئر حکام نے بریفنگ دی جنہوں نے آوٹ آف سکول چلڈرن(اواوایس سی) کو صفر پر لانے کے لیےوفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت کا منصوبہ پیش کیا۔ وزیر کو بتایا گیا کہ آ وٹ آف سکول چلڈرن نمبر صفر پر لانے کے لیے موجودہ منصوبوں پر تقریباً 9 ملین ڈالر لاگت آئے گی آوٹ آف سکول چلڈرن کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی بنانے اور ان پر عمل درآمد کے لیے ایک خصوصی ‘‘ڈیجیٹل اینڈ انوویشن ونگ “قائم کیا گیا ہے۔یہ ونگ نیشنل ڈیجیٹل اینڈ انوویشن ان ایجوکیشن اسٹریٹجی کے وژن کی تعمیل کرنے کے لیے نجی شعبے کے ساتھ مل کر پراجیکٹس شروع کرے گا۔ یہ  وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت  کے تمام محکموں کو تکنیکی مدد فراہم کرتے ہوئے اقدامات کی پائیداری کے لیے اسکول میں اور اسکول سے باہر بچوں کی مدد کے لیے جدید اور متبادل تعلیمی حل تیار کرے گا۔ اسی طرح سکول آن وہیلز کے اقدام کو وسعت دی جائے گی تاکہ اس کی رسائی کو بڑھایا جا سکے۔ اس کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے کم از کم 15 مزید بسیں تعینات کی جائیں گی۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ سیاسی فائدے سے بالاتر ہو کر ملک کی بہتری کے لیے کام کرنا ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے  کہ فیڈرل ایریا کے طلباء کو اپنے لیے ایک کامیاب اور خوشحال مستقبل بنانے اور بالآخر پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے مطلوبہ مواقع میسر ہوں۔