مظفرگڑھ؛ جشن بہاراں میلے کا افتتاح،ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی قیادت میں آگاہی واک

33

مظفر گڑھ،14 مارچ(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے ڈی پی او رضا صفدر کاظمی کے ہمراہ فیاض پارک میں 2 روزہ جشن بہاراں میلے کا افتتاح  کر دیا ہے۔ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے مختلف اداروں کی طرف سے لگائے گئے پھولوں کے سٹالز کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ میلے ٹھیلے ہماری ثقافت کا ایک اہم حصہ ہے، عوام کی تفریحی کیلئے رنگارنگ پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں۔

مرد اور خواتین کی بڑی تعداد فیاض پارک میں موجود ہے جبکہ  سکولوں کے بچے ٹیبلو اور ملی نغمے پیش کر رہے ہیں۔

افتتاح کے موقع پر ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی قیادت میں ڈی سی آفس سے فیاض پارک تک کلچر ریلی بھی نکالی گئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس اے سی مظفرگڑھ ناصر شہزاد ڈوگر بھی موجود تھے جبکہ پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔