نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کا داتا دربار کا دورہ، 2010 سے بند کار پارکنگ کوکھولنے کا فیصلہ

2

لاہور،21مارچ  (اے پی پی):نگران وزیراعلی  پنجاب محسن نقوی نے داتا دربار کا دورہ کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی  نے زائرین کی سہولت کے لئے احسن اقدام اٹھاتے  ہوئے   2010 سے بند کار پارکنگ کو زائرین کے لئے کھولنے کا فیصلہ کیا  ، ایس او پیز طے کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ وزیر علی محسن نقوی نے پارکنگ کو دوبارہ کھولنے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ 2010 سے داتا دربار کی پارکنگ کو سکیورٹی وجوہات کی بنا پر بند کر دیا گیا تھا۔ وزیراعلی محسن نقوی کی ہدایت پر 13 برس بعد پارکنگ کھولنے کے لئے اقدامات کا آغاز کیا جارہا ہے۔

 وزیراعلی محسن نقوی نے لنگر خانے کا بھی دورہ کیا۔ انہوں  نے لنگر خانے میں زائرین کے لئے لنگر کے انتظامات کاجائزہ لیا اور لنگر کے لئے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لنگر کی تیاری اور تقسیم کے انتظامات عالمی معیار کے مطابق کئے جائیں۔

وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش   کے مزار کے اصل حجرے اور برآمدوں کی بھی تزئین وآرائش کی جائے گی۔ ڈیزائننگ کمیٹی اس ضمن میں جلد حتمی سفارشات پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ فاؤنڈیشن سے حضرت داتا گنج بخش  کے مزار کے گرد برآمدوں (غلام گردش) کی توسیع کا معاہدہ خوش آئندہے،منصوبے کی تکمیل سے غلام گردش اور ان برآمدوں میں زائرین کی گنجائش 3 ہزار سے بڑھ کر 5 ہزار ہو جائے گی۔

وزیراعلی محسن نقوی کی زیر صدارت ہجویری ہال میں داتا دربار کے توسیعی منصوبے، پارکنگ اور زائرین کی سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے حضرت داتا گنج بخش   کے مزار پرحاضری دی اور مزار پرچادروپھول چڑھائے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے ملک کی ترقی و خوشحالی، سلامتی اور استحکام کیلئے دعاکی۔

 صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور سید اظفر علی ناصر، صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر،چیف سیکرٹری، مدینہ فاؤنڈیشن کے میاں محمد رشید، محمد اسلم خان ترین ،  ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سی سی پی اولاہور،سیکرٹری اوقاف، کمشنر لاہور ڈویژن،  چیف ٹریفک آفیسر، جی ایم نیسپاک، خطیب داتا دربار مسجد مفتی رمضان سیالوی، ایڈمنسٹریٹر اوقاف داتا دربار اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔