وزیراعظم  شہباز شریف  کی زیر صدارت رمضان المبارک میں مستحق افراد کو ریلیف اور آٹے کے تحفہ کی فراہمی  بارے جائزہ اجلاس

5

اسلام آباد،17مارچ  (اے پی پی):وزیراعظم  محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مستحق افراد کے لئے آٹے کا تحفہ دیا جا رہا ہے ، ملکی تاریخ میں پہلی بار غریب عوام کیلئے رمضان میں مفت آٹا کی فراہمی کا پیکیج تیار کیا گیا ہے ، مستحق افراد کو فراہم کئے جانے والے آٹے کے تحفے کے معیار پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، حکومت غریب و متوسط طبقے کو ریلیف دینے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔

 وزیرِ اعظم کی زیر صدارت رمضان المبارک کے دوران مستحق افراد کو ریلیف اور آٹے کے تحفے کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیرِ اعظم نے اجلاس کے شرکاء سے  گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مستحق افراد کے لئے آٹے کا تحفہ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار غریب عوام کیلئے رمضان میں مفت آٹا کی فراہمی کا پیکیج تیار کیا گیا ہے۔

وزیرِ اعظم نے تاکید کی کہ مستحق افراد کو فراہم کئے جانے والے آٹے کے تحفے کے معیار پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غریب و متوسط طبقے کو ریلیف دینے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رمضان میں پنجاب بھر کے ایک  کروڑ 58 لاکھ گھرانوں کو مفت آٹا تقسیم کیا جائے گا جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی رمضان کے دوران مستحق خاندانوں کو آٹے کا تحفہ دیا جاےگا۔ مستحق افراد بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نمبر 8171 پر اپنا شناختی کارڈ ایس ایم ایس کر کے آٹے کے تحفے کے لئے اپنی اہلیت جانچ سکتے ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بلوچستان میں  50 رمضان بازاروں سے آٹا سستے داموں دستیاب ہو گا۔

 اجلاس میں مشیر وزیرِ اعظم احد چیمہ ، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی ، پنجاب  خیبر پختونخوا ، بلوچستان کے چیف سیکرٹریز اور منیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے شرکت کی۔