وزیر اعظم  شہباز شریف نے  قاضی عبدالرحمن امرتسری کے ورثاء کو پارک انکلیو اسلام آباد میں پلاٹ کا الاٹمنٹ لیٹر پیش کر دیا

4

اسلام آباد،17مارچ  (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد کا نام تجویز کرنے والے قاضی عبدالرحمن امرتسری کی خدمات کا قومی سطح پر اعتراف کیا ہے اور  پاکستان کیلئے خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کا ان سے کیا ہوا وعدہ پورا کر تےہوئے  سی ڈی اے کی تجویز پر ان کے ورثاء کو پارک انکلیو اسلام آباد میں پلاٹ کا الاٹمنٹ لیٹر پیش کر دیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قاضی عبدالرحمن امرتسری کی پاکستان کیلئے خدمات نا قابل فراموش ہیں، ایسی قومیں کبھی ترقی نہیں کرتیں جو اپنے محسنوں کو فراموش کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو اسلام آباد کی پہچان دینے والے سکول ٹیچر قاضی عبدالرحمن امرتسری کو قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

 وزیراعظم نے سی ڈی اے  حکام کو آئندہ 24 گھنٹے میں باقی کی کارروائی مکمل کرکے ورثاء کو پلاٹ کا قبضہ فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ وزیراعظم نے میڈیا خاص طور پر حامد میر کو اس امر کی نشاندہی کرنے پر سراہا اور وزیراعظم نے چیئرمین سی ڈی اے نور الامین مینگل کی کوششوں کو بھی سراہا۔