پاکستان اور جرمنی اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں؛سردارایاز صادق کی جرمن سفیرسے ملاقات میں گفتگو

3

اسلام آباد،22مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر  اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے کہاہے کہ  پاکستان اور جرمنی کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک مستقبل میں اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

 انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں  پاکستان  میں جرمنی کے  سفیر الفریڈ گراناس سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیرنے  جرمنی کے سفیر کاپرتپاک خیرمقدم کیا اورکہاکہ  پاکستان اور جرمنی کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک مستقبل میں اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے  2022 کے سیلاب کے دوران جرمنی کی حکومت کی مسلسل مدد پرجرمنی کا شکریہ اداکیا۔

الفریڈگراناس نے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے پر   زور دیا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ جرمنی نہ صرف پورے یورپی یونین میں پاکستان کا سب سے اہم اور سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے بلکہ 2022ء میں جرمنی سیلاب زدگان کے لیے مالی مدد کرنے والے اہم ممالک میں سے بھی  ایک ہے۔ انہوں نے ماحولیات کے تحفظ، قدرتی وسائل، صاف اور ماحول دوست توانائی کے موثر استعمال کے حوالے سے حکومت پاکستان کے نقطہ نظر کی تعریف کی۔

 انہوں نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ الیکٹرک  گاڑیوں کی درآمد کے لیے ایک مثبت ریگولیٹری فریم ورک ایک بڑا قدم ہے جس سے پاکستان کا پٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر انحصار کم ہوگا۔

 سردار ایاز صادق نے کہاکہ  حکومت  ملک میں قابل تجدید توانائی، الیکٹرک گاڑیوں اور شمسی توانائی کے استعمال کو فعال طور پر فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان   مئی میں طے شدہ تکنیکی تعاون پر بین الحکومتی   مذاکرات کا  بھی منتظر ہے۔