پاکستان جموں وکشمیر  میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا؛ ترجمان دفتر خارجہ

9

اسلام آباد،2مارچ  (اے پی پی): ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ بھارتی فوجیوں نےزیر حراست  پانچ کشمیریوں کو شہید کردیا ہے،4 ہزار سےزیادہ کشمیری بھارت اور  بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و  کشمیر کی مختلف جیلوں میں بدستور نظر بند ہیں،پاکستان بھارت کے  غیرقانونی زیر تسلط جموں وکشمیر  میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے  جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ بھارتی فوجیوں نےزیر حراست  پانچ کشمیریوں کو شہید کردیا  ۔ بھارتی فورسز کی جانب سے پرامن مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال سے 7 کشمیری نوجوان زخمی ہوئے جبکہ 115کو گرفتار کرلیا گیا ۔گزشتہ ماہ  مقبوضہ وادی میں 193نام نہاد محاصرےاور تلاشی کی کارروائیاں کی گئیں  جو قابض افواج کے لیے کشمیریوں کو ڈرانے اور ہراساں کرنے کا ایک ذریعہ بنی ہوئی ہیں ۔4 ہزار سے زائد کشمیری سیاسی رہنما، کارکن، نوجوان، طلباء اور انسانی حقوق کے محافظ بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی مختلف جیلوں میں بدستور نظر بند ہیں۔ انہیں اپنے حقوق اور آزادی کے لیے ان کی بہادرانہ جدوجہد پرنشانہ بنایا جا رہا ہے۔

  ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان بھارت کے زیرغیرقانونی زیر تسلط جموں وکشمیر  میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا۔ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ  26 جنوری 2023 کو اٹلی کے ساحل پر الٹنے والی  کشتی کے  حالیہ المناک واقعہ میں دو پاکستانی شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ  17 پاکستانیوں کو بچا لیا گیا ہے تاہم 2 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ روم میں ہمارا سفارت خانہ اطالوی حکام کے ساتھ حادثہ میں  زندہ بچ جانے والوں کی دیکھ بھال اور میتوں کی پاکستان منتقلی کےلئے اقدامات کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک اور المناک واقعے میں لیبیا کے شہر بن غازی کے قریب کشتی کے حادثے میں اب تک 7 پاکستانی شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔ لیبیا میں پاکستانی سفارتخانہ مقامی حکام اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے تعاون سے لاشوں کی شناخت اور میتوں کی پاکستان منتقلی کے عمل میں سہولت فراہم کر رہا ہے، سفارت خانہ اور وزارت خارجہ بھی جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے جنیوا میں منعقدہ تخفیف اسلحہ کانفرنس کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی۔  اپنے  وڈیو پیغام میں انہوں نےعالمی اور علاقائی سلامتی کے لیے موجودہ اور ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کی اہمیت کے بارے میں بات کی۔ وزیر مملکت نے عالمی سطح پر متفقہ اصولوں کی بنیاد پر پرامن ہمسائیگی کے لیے پاکستان کے وژن اور پالیسی کا خاکہ پیش کیا۔   حنا ربانی کھر نے جنیوا میں منعقد ہونے والے انسانی حقوق کونسل کے 52ویں اجلاس کے اعلیٰ سطحی حصے میں بھی عملی طور پر شرکت کی جس میں  انہوں نے انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے پاکستان کے مکمل عزم کا اعادہ کیا اور ترقی پسند قوانین کے نفاذ، اور ان کے نفاذ کو بہتر بنانے، ادارہ جاتی معاونت کو اپ گریڈ کرنے، اور پارلیمانی اور عدالتی نگرانی کو تقویت دے کر اپنے ملکی انسانی حقوق کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی کوششوں کا خاکہ پیش کیا۔وزیر مملکت نے بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر بین الاقوامی توجہ مبذول کرائی،  علاقے میں کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا اور انسانی حقوق کے ہائی کمشنر پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے متعلق  تازہ ترین رپورٹ پیش کریں اور اس کونسل کو اس بارے میں آگاہ کریں۔انہوں نے پاکستان کی جانب سے یورپ میں قرآن پاک  کی بے حرمتی کے حالیہ واقعہ کی  شدید مذمت کی اور بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا   بارے  اپنے خدشات کا اظہار کیااور جان بوجھ کر نفرت اور تشدد پر اکسانے والی بنیادی  وجوہات سے نمٹنے پر زور دیا۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ وزیر برائے اقتصادی امور ڈویژن ایاز صادق، کووڈ19کے بعد عالمی بحالی پر غیروابستہ تحریک (این اے ایم ) کے رابطہ گروپ کے سربراہی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ سربراہی اجلاس، جو 1یکم سے 3 مارچ تک جاری رہے گا۔

ممتاز ہرہ بلوچ نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری   8 مارچ  کو منعقد ہونے والی کانفرنس  میں شرکت کےلئے نیویارک کا دورہ کریں گے۔کانفرنس میں اعلیٰ سطحی اور پالیسی ڈائیلاگ کے حصے ہوں گے۔ وزیر خارجہ اعلیٰ سطحی  اجلاس  کی صدارت کریں گے۔اس کانفرنس میں اقوام متحدہ، اقوام متحدہ کی خواتین اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں کی قیادت کے علاوہ او آئی سی کے رکن ممالک اور  او آئی سی کے غیررکن  ممالک سے وزارتی سطح کی شرکت کی توقع  ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ 10 مارچ کو نیویارک میں اسلامو فوبیا  سے متعلق ایک تقریب میں شرکت کریں گے ۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال پاکستان کی تجویز  پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا دن قرار دیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اگاہ کیا کہ جرمنی کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ڈاکٹر ٹوبیاس لِنڈنر 4 سے 7 مارچ  تک پاکستان کا دورہ کریں گے جس کے دوران  وہ وزیر مملکت برائے امور خارجہ سے ملاقات کریں گے اور پاکستان اور جرمنی کے درمیان دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیں گے۔  اس موقع پر اقتصادی تعاون، موسمیاتی تبدیلی اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔یہ دورہ میونخ سکیورٹی ڈائیلاگ کے لیے جرمنی کے وزیر خارجہ اور وزیر مملکت کے دورہ کے  دوران ہو رہا ہے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ سال وزرائے خارجہ کی سطح پر ہونے والے حالیہ دوروں کی بنیاد پر بھی ہوگا۔ ہم جرمنی کے ساتھ بہتر روابط  اور بات چیت کو جاری رکھیں گے۔