پاکستان کا سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کو معمول پر لانے کا خیرمقدم، چین کے کردار کی تعریف

20

اسلام آباد،17مارچ(اے پی پی): دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے  کہا ہے کہ  پاکستان نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کو معمول پر لانے کا خیرمقدم کیا ہے اور اس تاریخی معاہدے کو مربوط کرنے میں چین کی دور اندیش قیادت کو سراہا ہے ۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ یہ سفارتی پیش رفت خطے اور اس سے باہر امن و استحکام میں معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات معمول پر آنے سے علاقائی تعاون اور ہم آہنگی کا نمونہ متعین ہوگا۔

ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان اس وقت چین کے ساتھ دو طرفہ سیاسی مشاورت کی غرض سے پاکستانی وفد کی قیادت کرنے کےلئے بیجنگ میں ہیں۔انہوں کہا کہ بات چیت میں چینی وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ کررہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ فریقین دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں اور اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر خیالات کا تبادلہ کریں گے۔ خارجہ سکریٹری چین کے سٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ کن گینگ اور سی آئی ڈی سی اے کے چیئرمین لو ڑاو ہوئی سے بھی ملاقات کریں گے، ڈاکٹر اسد مجید خان چینی ماہرین تعلیم اور تھنک ٹینکس کے ساتھ بات چیت کریں گے۔