پنجاب نے دوسری نیشنل ویمنز بلائنڈ کرکٹ چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

30

اسلام آباد،20مارچ  (اے پی پی):پنجاب نے دوسری نیشنل ویمنز بلائنڈ کرکٹ چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ،جبکہ اسلام آباد نے دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے، چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کی مہمان خصوصی آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز تھیں   جنہوں نے کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔

اس موقع پر پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ اور اسلام آباد بلائنڈ کرکٹ کلب کے صدر بلال ستی بھی موجود تھے۔اس موقع پر پنجاب کی نیشا پلیئر آف دی میچ قرار پائی۔ چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں پنجاب نے اسلام آباد کو 8 وکٹوں سے شکست دی، پنجاب نے ٹاس جیت کر اسلام آباد کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، اسلام آباد کی ٹیم نے مقررہ 12 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنائے، اسلام آباد کی جانب سے نمرہ نے 13 رنز اور آصفہ نے 16 رنز بنائے، نورین اور نیشا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا، جواب میں پنجاب نے یہ ہدف9.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، نیشا اور نورین نے بالترتیب 55 اور 20 رنز بنائے، نازیہ اور ثناء  نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا، پنجاب کی نیشا پلیئر آف دی میچ قرار پائی، چیمپئن شپ میں 4 ٹیموں نے حصہ لیا جن میں پنجاب،  اسلام آباد، سندھ اور آزاد جموں و کشمیر کی ٹیمیں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب نے سندھ اور اسلام آباد نے آزاد کشمیر کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔چیمپئن شپ کا انعقاد پاکستان بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن اور آسٹریلین ہائی کمیشن کے  تعاون سے منعقد کیا گیا۔